وحدت نیوز(مانٹرنگ ڈیسک) بوہری جماعت کے باون ویں روحانی پیشوا ڈاکٹر سیدنا محمد برہان الدین 102 سال کی عمر میں بھارت میں انتقال کرگئے۔ برہان الدین کے فرزند عالی قدر عالی قدرمفضل بھائی صاحب سیف الدین کوبوہری جماعت کا نیا روحانی پیشوا منتخب کر لیا گیا ، داؤدی بوہری جماعت کے روحانی پیشوا ڈاکٹر سیدنا محمد برہان الدین بھارتی ریاست گجرات کے علاقے سرات میں پیدا ہوئے، برہان الدین اپنے والد طاہر سیف الدین کے انتقال کے بعد 1961ء میں داؤدی بوہری جماعت کے 52 ویں روحانی پیشوا مقرر ہوئے۔ انہوں نے ابتدائی تعلیم اپنے علاقے میں ہی حاصل کی اور پھر علی گڑھ یونیورسٹی نے ان کو ڈاکٹر آف تھیالوجی کی اعزازی سند سے نوازا۔ ڈاکٹر برہان الدین داؤدی بوہری جماعت کے ایک ایسے رہنما تھے جنہوں نے اپنی جماعت کو نہ صرف ظاہری شناخت دی بلکہ اسے فعال بنایا۔ وہ 900 سال پرانے فاطمی کلچر کے روح رواں بھی تھے۔ ڈاکٹر سیدنا محمد برہان الدین کے انتقال کی خبر سننے کےبعد کراچی کے علاقے صدر میں بوہری جماعت کے مرکز طاہری مسجد میں جماعت سے تعلق رکھنے والے لوگوں کی آمد کا سلسلہ شروع ہو گیا ہے جب کہ سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر رینجرز اور پولیس کی بھاری نفری بھی تعینات کردی گئی ہے۔