راولپنڈی، گریسی لین میں امام بارگاہ پر خودکش حملہ، 4 افراد شہید، 13 زخمی

18 دسمبر 2013

وحدت نیوز(راولپنڈی) راولپنڈی کی گریسی لائن میں موٹر سائیکل سوار خودکش حملہ آور نے امام بارگاہ میں گھسنے کی کوشش کی، تاہم ناکامی پر خود کو دھماکے سے اڑا دیا، دھماکے کے نتیجے میں ایس ایچ او سمیت 4 افراد جاں بحق اور تیرہ زخمی ہوگئے۔ راولپنڈی کی گریسی لائن میں واقع امام بارگاہ اثنا عشری کے قریب خودکش حملہ رات پونے دس بجے کیا گیا، دھماکہ اتنا شدید تھا کہ آس پاس کھڑی کئی گاڑیاں اور موٹر سائیکلیں مکمل طور پر تباہ ہوگئیں، سی پی او راولپنڈی کا کہنا ہے کہ خودکش حملہ آور موٹر سائیکل پر سوار تھا جس نے امام بارگاہ میں داخل ہونے کی کوشش کی، تاہم سکیورٹی پر مامور اہل کاروں نے اسے روکا تو اس نے خود کو دھماکے سے اڑا دیا۔ دھماکے میں جاں بحق اور زخمی ہونے والوں کو بے نظیر بھٹو ہاسپٹل پہنچایا گیا، زخمیوں میں ائیر پورٹ تھانے کے ایس ایچ او سمیت پانچ پولیس اہل کار بھی شامل ہیں، دھماکے کے بعد پولیس اور حساس اداروں نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا اور تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔

 

دیگر ذرائع کے ایک بار پھر راولپنڈی کو دہشتگردوں نے نشانہ بنا ڈالا، گریسی لین میں امام بارگاہ کے قریب دھماکے میں خودکش حملہ آور نے خود کو اڑا لیا، جس میں پولیس سب انسپکٹر سمیت چار افراد جاں بحق اور سولہ سے زائد زخمی ہوگئے۔ وزیر داخلہ نے واقعہ کی رپورٹ طلب کر لی۔ راولپنڈی میں تھانہ ائیرپورٹ کی حدود میں واقع گریسی لین میں امام بارگاہ میں مجلس جاری تھی کہ موٹر سائیکل سوار دہشت گرد امام بارگاہ سے ملحق پارکنگ میں پہنچا۔ پولیس اہلکاروں نے جب اسکی تلاشی لینا شروع کی تو اچانک اس نے خود کو دھماکہ خیز مواد کو اڑا دیا۔ دھماکے کے فوراً بعد جائے وقوع پر افراتفری مچ گئی۔ سکیورٹی سخت تھی جس کے باعث خودکش حملہ آور اپنے ہدف تک نہ پہنچ سکا۔ وہاں موجود سب انسپکٹر امانت سمیت تین افراد جاں بحق جبکہ سولہ زخمی ہوئے۔ زخمیوں میں تھانہ ائیرپورٹ کے ایس ایچ او سمیت چھ پولیس اہلکار بھی شامل ہیں۔ زخمیوں کو فوری طور پر بینظیر اسپتال منتقل کیا گیا۔ جہاں کچھ زخمیوں کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔

 

راولپنڈی کے تمام اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی۔ دھماکے کے بعد قانون نافذ کرنے والوں اور بم ڈسپوزل اسکواڈ نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا۔ گریسی لین راولپنڈی کے انتہائی حساس علاقوں میں شمار ہوتا ہے جہاں حساس اداروں کے دفاتر کی موجودگی کے باعث عام دنوں میں بھی کوئی عام شخص داخل نہیں ہوسکتا۔ سی سی پی او راولپنڈی کا کہنا ہے کہ گریسی لین میں خودکش حملہ آور موٹر سائیکل پر سوار تھا، پولیس اہلکاروں نے موٹر سائیکل سوار کو روکا لیکن اس نے خود کو دھماکے سے اڑالیا۔ وزیراعظم، صدر، وزیراعلٰی پنجاب شہباز شریف، شیخ رشید، خورشید شاہ، الطاف حسین اور عمران خان سمیت متعدد سیاسی اور مذہبی رہنماوٴں نے واقعہ کی شدید الفاظ میں مذمت کی اور کہا کہ عوام اپنی صفوں میں اتحاد برقرار رکھیں۔ دوسری جانب وزیر داخلہ نے واقعہ کی رپورٹ طلب کر لی ہے۔ دھماکے کے بعد ایئرپورٹ، پی ایف بیس اور دیگر حساس علاقوں میں سکیورٹی ہائی الرٹ کر دی گئی ہے۔



اپنی رائے دیں



مجلس وحدت مسلمین پاکستان

مجلس وحدت مسلمین پاکستان ایک سیاسی و مذہبی جماعت ہے جسکا اولین مقصد دین کا احیاء اور مملکت خدادادِ پاکستان کی سالمیت اور استحکام کے لیے عملی کوشش کرنا ہے، اسلامی حکومت کے قیام کے لیے عملی جدوجہد، مختلف ادیان، مذاہب و مسالک کے مابین روابط اور ہم آہنگی کا فروغ، تعلیمات ِقرآن اور محمد وآل محمدعلیہم السلام کی روشنی میں امام حسین علیہ السلام کے ذکر و افکارکا فروغ اوراس کاتحفظ اورامر با لمعروف اور نہی عن المنکرکا احیاء ہمارا نصب العین ہے 


MWM Pakistan Flag

We use cookies to improve our website. Cookies used for the essential operation of this site have already been set. For more information visit our Cookie policy. I accept cookies from this site. Agree