وحدت نیوز(اسلام آباد) سید طاہرعلی شاہ ایڈووکیٹ نے چیف الیکشن کمشنر گلگت بلتستان کی حیثیت سے اپنے عہدے کا حلف اٹھا لیا۔ تفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں منعقدہ ایک پروقار تقریب میں گلگت بلتستان کے آئندہ انتخابات کے لئے چیف الیکشن کمشنر کا حلف اٹھا لیا گیا۔ سید طاہر علی شاہ ایڈووکیٹ کا حلف سپریم ایپلٹ کورٹ کے چیف جج جسٹس رانا ارشد نے لیا، اس موقع پر گورنر گلگت بلتستان سید پیر کرم علی شاہ کے علاوہ جی بی کی اہم شخصیات موجود تھیں۔ ذرائع کے مطابق چیف الیکشن کمشنر کو ماہانہ 8 لاکھ روپے تنخواہ اور بھاری بھر کم مراعات سے نوازا جا رہا ہے۔ واضح رہے کہ الیکشن کمشنر کی تقرری کے بعد جی بی کے سیاسی حلقوں میں شدید تحفظات کا اظہار کیا جا رہا ہے اور سید طاہر علی شاہ کو مسلم لیگ نون کے فعال عہدیدار ہونے کی وجہ سے مسترد کیا جا رہا ہے۔ تمام سیاسی پارٹیوں کی جانب سے ایک غیر جانبدار چیف الیکشن کمشنر کا مطالبہ کیا جا رہا ہے اور موجودہ الیکشن کمشنر کی تقرری کو آئندہ الیکشن کو یرغمال بنانے کی سازش قرار دیا جا رہا ہے۔