وحدت نیوز (پاراچنار)کرم ایجنسی کے صدرمقام پارا چنار کے مرکزی بازار میں دو خودکش حملوں کے مزید سات زخمی آج صبح دم توڑ گئےشہید افراد کی تعداد 57 ہوگئی، 187 زخمی مختلف اسپتالوں میں زیر علاج ہیں۔ کرم ایجنسی میں سوگ میں تمام بازار بند ہیں۔ تفصیلات کے مطابق رمضان المبارک کے سترہویں روزے کے افطار سے کچھ لمحے قبل کرم ایجنسی کا صدر مقام پاراچنار زور دار دھماکوں سے گونج اٹھا۔ 2 خودکش بمباروں نے مین بازار میں خود کو دھماکے سے اڑا دیا جس سے ہر طرف تباہی مچ گئی۔ دھماکوں کے خلاف ایجنسی بھر میں تین روزہ سوگ کا اعلان کیا گیا ہے جبکہ آج تمام بازار بند ہیں۔ دھماکوں میں زخمی ہونیوالے افراد کوہاٹ اور دیگر مقامی اسپتالوں میں زیرعلاج ہیں، جبکہ کئی زخمیوں کو تشویش ناک حالت میں پشاور کے لیڈی ریڈنگ اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔ پولیٹیکل ایجنٹ ریاض محسود نے ایجنسی ہیڈکوارٹر اسپتال میں زخمیوں کی عیادت کی، ان کا کہنا تھا کہ ایک خودکش حملہ آور کا سر مل گیا ہے۔ عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ پہلا خودکش حملہ آور کم عمر نوجوان تھا، جبکہ دوسرے حملہ آور نے اس وقت خود کو اڑایا جب پہلے دھماکے کے بعد بازار میں بھگدڑ مچی۔ گورنر خیبر پختونخوا انجینئر شوکت اللہ نے جاں بحق افراد کے ورثا کیلیے 3/3 لاکھ اور زخمیوں کیلیے 1/1 لاکھ روپے امداد کا اعلان کیا ہے۔
دیگر ذرائع کے مطابق پارا چنار میں یکے بعد دیگر ے ہونے والے دو دھماکوں میں جاں بحق افراد کی تعداد 57 ہو گئی ہے، واقعے میں 187 زخمی بھی ہوئے جن میں سے 30 کی حالت نازک ہے۔ زخمیوں کو پشاور منتقل کرنے والی پولیس موبائل پر فائرنگ سے دو اہلکار زخمی ہو گئے، تحفظ عزاداری کونسل نے ملک بھر میں 3 روزہ سوگ اور احتجاج کا اعلان کیا ہے۔ دہشتگرد بیگناہ شہریوں کا خون بہانے میں مصروف ہیں، پارا چنار میں لوگ افطاری کی تیاری کر رہے تھے کہ دہشتگردوں نے بربریت کی انتہاء کر دی۔ سکول روڈ پر پندرہ سالہ خودکش بمبار نے خود کو دھماکے سے اڑا لیا، جس کے چند منٹ بعد کرمی بازار میں بھی دھماکہ ہوگیا۔ زخمیوں کو پارا چنار کے سرکاری ہسپتال لیجایا گیا جہاں سے شدید زخمیوں کو پشاور منتقل کر دیا گیا۔ پولیٹکل انتظامیہ کے کا کہنا ہے کہ دونوں دھماکے خودکش تھے، واقعہ کے بعد قانون نافذ کرنے والے اداروں نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا جبکہ مین بازار میں کرفیو نافذ کر دیا گیا۔ پارا چنار دھماکے کے زخمیوں کو پشاور منتقل کرنے والی پولیس موبائل پر بھی فائرنگ سے دو اہلکار زخمی ہوگئے، جنھیں لیڈی ریڈنگ ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔