وحدت نیوز (ملتان) مجلس وحدت مسلمین پنجاب کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل علامہ اقتدارحسین نقوی ، ضلعی سیکرٹری جنرل علامہ قاضی نادر حسین علوی اور سیکرٹری سیاسیات انجینئرسخاوت علی نے پشاور میں دہشتگردوں کی جانب سے ایئرفورس بیس پر حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ دہشتگرد اسلام اور ملک کے دشمن ہیں جب کہ پوری قوم مسلح افواج کے ساتھ کھڑی ہے۔ملتان میں سانحہ مڈھ بیر کے حوالے سے منعقدہ تعزیتی ریفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بزدلانہ کارروائیوں سے دہشتگردی کے خلاف قوم کا عزم متزلزل نہیں ہوگا، ملک سے دہشتگردی کا ہر صورت خاتمہ کیا جائے گا جب کہ قوم مسلح افواج کے ساتھ کھڑی ہے۔ دہشتگرد اسلام اور ملک کے دشمن ہیں جب کہ ضرب عضب کی وجہ سے دہشت گردوں کی کمر ٹوٹ چکی ہے، دہشتگرد اور ان کے حواریوں کو جلد انجام تک پہنچائیں گے۔علامہ اقتدارنقوی نے مزید کہا کہ دہشت گرد اپنے مذموم مقاصد میں کبھی کامیاب نہیں ہوں گے پوری قوم افواج پاکستان کے ساتھ ہے۔ بزدلانہ کارروائیاں دہشتگردی کے خلاف جنگ سے نہیں روک سکتی جب کہ حملہ ناکام بنانے پر فورسز خراج تحسین کی حقدار ہیں۔تعزیتی ریفرنس سے خطاب کرتے ہوئے علامہ اقتدارنقوی کا کہنا تھا کہ دہشت گردوں کی جانب سے مڈھ بیر ایئربیس پر حملے میں شہید ہونے والے کیپٹن اسفندیار بخاری کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں جنہوں نے اپنی جان کی قربانی دے کر ملک اور قوم کو بڑے حادثے سے بچالیا، حملے میں شہید ہونے والے نمازیوں اور ایئرفورس کے جونیئر ٹیکنیشن کی شہادت یقیناًرائیگاں نہیں جائے گی۔ اس موقع پر شہداء کے لواحقین سے اظہار تعزیت اور زخمیوں کی صحت یابی کے لیے دعاکی گئی۔

وحدت نیوز(اسلام آباد) پشاور کے علاقے بڈھ بیرمیں پاکستان ایئرفورس کے کیمپ پر تکفیری طالبان دہشت گردوں کے حملے پر اظہار افسوس کرتے ہوئے مجلس وحدت مسلمین کے مرکزی سیکریٹری جنرل علامہ راجہ ناصرعباس جعفری نے کہا ہے کہ تکفیریت کا بھوت اب تک پاکستان کے جڑوں سے لپٹا ہواہے، پشاور میں شہید ہونے والے درجنوں اہل تشیع شہریوں کے قاتلوں کو سزاملتی تو آج پشاور میں دہشت گردی کا یہ سنگین واقعہ پیش نہ آتا، بڈھ بیرمیں فضائی بیس پر تکفیری دہشت گردوں کا حملہ قابل مذمت ہے، پاک فوج ایڑیاں رگڑتے ، بلبلاتے ان سفاک قاتلوں پر شکنجہ مزید کسے،کسی بھی قسم کی کوتھائی،بڑے نقصان کا باعث بن سکتی ہے،بے گناہ نمازیوں کو بے دردی سے نشانہ بنانے والےدہشت گرد اسلحہ سے لیس ہونے کے باوجود بزدل تھے جنہوں نے نہتے نمازیوں پر پیچھے سے وار کیا،مرکزی سیکریٹریٹ سے جاری اپنے بیان میں انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کی صوبائی حکومت  نیشنل ایکشن پلان پر عمل درآمدمیں پاک فوج کے ہم قدم نظرنہیں آتی،پاکستان بالخصوص خیبرپختونخواہ کو درپیش دہشت گردی جیسے سنگین چیلنجز کا مقابلہ کرنے کے لئے پاک فوج ، حکومت اور عوام کاایک پیج پر جمع ہونا ناگزیز ہے، پاک فوج جواں مردی کے ساتھ سرحدوں کے اندر اور باہرملک کے دفاع کو ناقابل تسخیر بنانے کیلئے دن رات کوشاں ہے، آج کے اس سانحے میں بھی پاک فوج کے کیپٹن اسفندیار بخاری نے مادر وطن کے دفاع کی خاطر فرنٹ لائن پر جام شہادت نوش کیا ہے،جسے ہم سلام پیش کرتے ہیں ،مجلس وحدت مسلمین حملے میں شہید ہونے والے فوجی وسول شہریوں کے اہل خانہ کے غم میں برابرکی شریک ہے ۔

وحدت نیوز (پشاور) پشاور ایئر بیس حملے میں 16 نمازیوں سمیت 23 افراد شہید ہوگئے، سکیورٹی فورسز کے جوانوں نے دلیری سے لڑتے ہوئے 13 دہشت گردوں کو مار گرایا، واقعے میں کیپٹن اسفند یار بخاری نے بھی جام شہادت نوش کیا جبکہ افسران سمیت 25 سے زائد افراد زخمی ہوئے۔ آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ کانسٹیبلری کے یونیفارم میں ملبوس دہشت گرد دو مقامات سے پشاور ایئر بیس کیمپ میں داخل ہوئے، سب سے پہلے گارڈ روم پر حملہ کیا گیا، جس کے بعد تخریب کار مختلف گروپس میں تقسیم ہوگئے۔ میجر جنرل عاصم سلیم باجوہ کے مطابق ایک گروپ سخت مزاحمت کے بعد مسجد میں داخل ہوگیا، جس نے نماز فجر کے وقت اندھا دھند فائرنگ کر کے 16 نمازیوں کو شہید کر دیا۔ ترجمان پاک فوج نے اپنے ٹویٹر پیغام میں واقعے سے متعلق مزید بتایا کہ دوسرا گروپ کیمپ کے مختلف مقامات پر پھیل گیا، جوانوں نے فائرنگ کے تبادلے میں 13 دہشت گرد ہلاک کر دیئے، دلیری سے مقابلہ کرتے ہوئے جناح ونگ کے کمانڈر کیپٹن اسفند یار بخاری سمیت 7 افراد شہید ہوگئے، جن میں پاک فضائیہ کے 2 ٹیکنیشنز علی شان اور طارق بھی شامل ہیں، واقعے میں افسران سمیت 25 سے زائد اہلکار زخمی بھی ہوئے ہیں۔

پشاور ایئر بیس پر دہشت گردوں نے دھماکہ خیز مواد اور راکٹوں سمیت جدید ہتھیاروں سے لیس ہو کر حملہ کیا، بغیر نمبر پلیٹ سفید پک اپ میں سوار ہو کر آنے والے دہشت گرد علی الصبح فائرنگ کرتے ہوئے کیمپ میں داخل ہوئے، سکیورٹی اہلکار آہنی دیوار بن گئے، کوئيک رسپانس فورس بھی فوری حرکت میں آگئی، آرمی کمانڈوز نے دہشت گردوں کا ڈٹ کر مقابلہ کیا، علاقہ دیر تک دھماکوں اور فائرنگ سے گونجتا رہا۔ ترجمان پاک فوج اور پاک فضائیہ کا کہنا ہے کہ تمام قومی اثاثے محفوظ ہیں، کيمپ کے اطراف رہائشی علاقوں میں سرچ آپريشن کیا جا رہا ہے جبکہ کیمپ میں بھی کلیئرنس آپریشن آخری مراحل میں ہے۔ زخمیوں کو مختلف اسپتالوں میں منتقل کیا گیا ہے، لیڈی ریڈنگ اسپتال کے ترجمان کے مطابق 7 زخمی اور ایک لاش اسپتال لائی گئی ہے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل راحیل شریف اور سربراہ پاک فضائیہ سہیل امان پشاور پہنچ گئے، آرمی چیف متاثرہ مقامات کا دورہ اور آپریشن میں شریک جوانوں سے بھی ملاقات اور زخمی اہلکاروں کی عیادت کریں گے جبکہ کور ہیڈ کوارٹر پشاور کا دورہ بھی کریں گے۔

مجلس وحدت مسلمین پاکستان

مجلس وحدت مسلمین پاکستان ایک سیاسی و مذہبی جماعت ہے جسکا اولین مقصد دین کا احیاء اور مملکت خدادادِ پاکستان کی سالمیت اور استحکام کے لیے عملی کوشش کرنا ہے، اسلامی حکومت کے قیام کے لیے عملی جدوجہد، مختلف ادیان، مذاہب و مسالک کے مابین روابط اور ہم آہنگی کا فروغ، تعلیمات ِقرآن اور محمد وآل محمدعلیہم السلام کی روشنی میں امام حسین علیہ السلام کے ذکر و افکارکا فروغ اوراس کاتحفظ اورامر با لمعروف اور نہی عن المنکرکا احیاء ہمارا نصب العین ہے 


MWM Pakistan Flag

We use cookies to improve our website. Cookies used for the essential operation of this site have already been set. For more information visit our Cookie policy. I accept cookies from this site. Agree