ولایت فقیہ کا نظام زمین پر خدا کی حکومت کا نظام ہے، علامہ ناصر عباس جعفری

19 اکتوبر 2013

وحدت نیوز(قم) مجلس وحدت مسلمین پاکستان شعبہ قم المقدسہ کی جانب سے ایم ڈبلیو ایم کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ ناصر عباس جعفری اور طلاب گرامی کے اعزاز میں عید ملن پارٹی اور ظہرانے  کا اہتمام کیا گیا۔ اس تقریب سے حجت الاسلام والمسلمین سید شفقت شیرازی مسئول امور خارجہ مجلس وحدت مسلمین اور مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ ناصر عباس جعفری نے خطاب کیا۔ ایم ڈبلیو ایم کے سیکرٹری امور خارجہ حجت الاسلام والمسلمین شفقت شیرازی نے شام کی موجودہ صورتحال کے بارے میں مفصل گفتگو کی اور کہا کہ آج شام میں بشار الاسد کی حکومت نے اپنی مقاومت سے ثابت کر دیا ہے کہ دنیا کی استکباری طاقتوں کا مقابلہ کیا جاسکتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان میں بھی حکومت اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو شام کی اس فتح سے درس حاصل کرنا چاہئیے اور دہشت گردوں کے ساتھ مذاکرات والے مذاق کو ختم کرکے آہنی ہاتھوں سے پیش آنا چاہیئے۔

 

مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ ناصر عباس جعفری نے اپنے خطاب میں طلاب کو عید قربان کے حوالے سے خصوصی مبارک باد دی اور کہا کہ عید کا دن ہمیں حضرت ابراہیم (ع) کی عظیم قربانی کی یاد دلاتا ہے اور ہمیں اس دن سے یہ سبق حاصل ہوتا ہے کہ اپنی قوم، ملت اور خدا کی خاطر اپنی عزیز ترین چیز بھی قربان کرنی پڑے تو قربان کر دینی چاہیئے۔ انہوں نے ولایت فقیہ کو زمین پر خدا کا نظام حکومت قرار دیا اور کہا کہ جو لوگ ولایت فقیہ کے نظام کے بارے میں شکوک اور شبہات رکھتے ہیں وہ عملاً سیکولر، فاشسٹ، استکباری اور غیر اسلامی نظاموں کو اپنی زندگیوں میں قبول کر لیتے ہیں، لیکن ایک فقیہ دین اور باعمل شجاع رہبر کے نظام کے بارے میں مشکوک رہتے ہیں، ان کا کہنا تھا کہ نظام ولایت فقیہ عقل اور نقل دونوں طریقوں سے ثابت ہے اور صرف جن کے پاس عقل نہیں ہے، ان کو اس بارے میں شک رہتا ہے۔

 

ایم ڈبلیو ایم کے مرکزی سیکرٹری جنرل نے پاکستان کی صورتحال کو بیان کرتے ہوئے کہا کہ ہم پاکستان میں عوامی تحریک اور امت کی بیداری کے ذریعے اپنے حقوق کو حاصل کرنے کی جانب بڑھ رہے ہیں۔ پاکستان میں امام خمینی (رہ) کے نظام فکر کے تحت ہم بھی سیاسی جدوجہد کے ذریعے ملت کے حقوق کو محفوظ بنا رہے ہیں۔ پروگرام کے آخر میں سوال و جواب کی نشست کا بھی اہتمام کیا گیا تھا۔ علامہ ناصر عباس جعفری نے ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ غیر اسلامی نظام میں سیاسی جدوجہد میں شرکت کرنا فقہ کی باب تزاحم کے مطابق ہے، بعض اوقات دو احکام میں تزاحم پیش آجاتا ہے، مثلاً ملت کے حقوق کا تحفظ اور غیر اسلامی نظام میں شراکت تو ایسے مواقع پر اہم شے کا انتخاب کیا جاتا ہے۔

 

مجلس وحدت مسلمین کے مرکزی سیکرٹری جنرل نے مزید کہا بعض اوقات کہا جاتا ہے کہ اب سیاسی مسائل میں فقہا اور مجتہدین کی طرف رجوع کیا جا رہا ہے جبکہ یہ ایسا نہیں ہونا چاہئیے تو ہم یہ کہتے ہیں کہ افعال یا خدا کی جانب سے ہوتے ہیں اور یا مکلفین یعنی انسانوں کی جانب سے۔ خدا کے افعال کو علم کلام میں بحث کیا جاتا ہے جبکہ مکلفین کے اعمال کو فقہ میں۔ الیکشن میں حصہ لینا بھی مکلفین کے احکام میں سے ہے، جس کو فقہ میں بحث کیا جاتا اور اس بارے میں فقہا کے فتاویٰ واضح ہیں۔ علامہ ناصر عباس جعفری نے آیت اللہ العظمٰی سید علی خامنہ ای کے فتویٰ کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ آپ نے فرانس کے الیکشن میں حصہ لینے کے سوال کے جواب میں فرمایا کہ آپ اہل امیدواروں کو ووٹ دیں جبکہ یہ ایک کافر ملک ہے۔



اپنی رائے دیں



مجلس وحدت مسلمین پاکستان

مجلس وحدت مسلمین پاکستان ایک سیاسی و مذہبی جماعت ہے جسکا اولین مقصد دین کا احیاء اور مملکت خدادادِ پاکستان کی سالمیت اور استحکام کے لیے عملی کوشش کرنا ہے، اسلامی حکومت کے قیام کے لیے عملی جدوجہد، مختلف ادیان، مذاہب و مسالک کے مابین روابط اور ہم آہنگی کا فروغ، تعلیمات ِقرآن اور محمد وآل محمدعلیہم السلام کی روشنی میں امام حسین علیہ السلام کے ذکر و افکارکا فروغ اوراس کاتحفظ اورامر با لمعروف اور نہی عن المنکرکا احیاء ہمارا نصب العین ہے 


MWM Pakistan Flag

We use cookies to improve our website. Cookies used for the essential operation of this site have already been set. For more information visit our Cookie policy. I accept cookies from this site. Agree