وحدت نیوز(لاہور) پنجاب حکومت نے عیدالفطر کے حساس موقع پر مجلس وحدت مسلمین کے صوبائی سیکریٹریٹ سے سکیورٹی ہٹا لی ہے، جس کے بعد ایم ڈبلیوایم کے رہنماؤں نے پنجاب حکومت کی جانب سے سکیورٹی واپس لئے جانے کے فیصلے کی مذمت کرتے ہوئے اسے پنجاب حکومت کی دہشت گردوں سے ملی بھگت قرار دیا ہے۔ ایم ڈبلیو ایم پنجاب کے سربراہ علامہ عبدالخالق اسدی نے ’’اسلام ٹائمز‘‘ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب حکومت مجلس وحدت کے ساتھ اوچھے ہتھکنڈے استعمال کر رہی ہے اور ایم ڈبلیو ایم کو سیاسی انتقام کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلٰی پنجاب میاں شہباز شریف ہمیں ڈاکٹر طاہرالقادری کے انقلاب کی حمایت پر نشانہ بنا رہے ہیں، لیکن وہ یاد رکھیں کہ اللہ تعالٰی نے اگر انہیں اقتدار دیا ہے تو اس کے حوالے سے پوچھ گچھ بھی ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ ہم کلمہ حق کہتے رہیں گے، حکومت کے اوچھے ہتھکنڈوں سے خوف زدہ نہیں ہوں گے۔ علامہ اسدی نے کہا کہ سکیورٹی واپس لئے جانے پر کوئی واقعہ رونما ہوگیا تو اس کی تمام تر ذمہ داری پنجاب حکومت پر عائد ہوگی۔