وحدت نیوز (کراچی)اہل بیت اطہار علیہم السلام کی ناموس کے تحفظ کے لئے کسی قسم کی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے، حکومت پاکستان ، پاکستان سے شام جانے والے تکفیری دہشت گردوں کے خلاف عملی اقدامات کر کے اسلام کے مقدسات کے تحفظ میں اپنا کردار ادا کرے۔ان خیالات کا اظہار مجلس وحدت مسلمین پاکستان کراچی ڈویژن کے رہنما ؤں مولانا علی انور جعفری اور برادر ناصر حسینی نے خوجہ مسجد کھارادر کے باہر نما زجمعہ کے اجتماع کے اختتام پر مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
علامہ علی انور جعفری نے کہا کہ شام میں امریکی و صیہونی ایماء پر تکفیری دہشت گرد گروہ اسلام کے مقدس مقامات اور اہل بیت پیغمبر اکرم (ص) سمیت اصحاب رسول کے مزارات مقدسہ پر حملے کر رہے ہیں اور مسلم امہ کے جذبات کو مجروح کیا جا رہاہے جبکہ نام نہاد عالمی مہذب معاشرے خاموش تماشائی بنے ہوئے ہیں۔
ان کاکہنا تھا کہ نواسی رسول اکرم (ص) جناب سید ہ زینب سلام اللہ علیہا کے روضہ مبارک پر ہونے والے حملوں نے ثابت کر دیا ہے کہ شام میں لڑنے والے تکفیری دہشت گرد در اصل کسی مذہب سے تعلق نہیں رکھتے اور یہ وہی لوگ ہیں جنہوں نے ماضی میں پیغمبر اکرم (ص) کے نواسے حضرت امام حسین علیہ السلام کو بھی ذبح کر کے شہید کر دیا تھا اور آج پیغمبر اکرم (ص) کی نواسی حضرت سیدہ زینب سلام اللہ علیہا کے روضہ مبارک پر حملوں میں ملوث ہیں۔
برادر ناصر حسینی نے کہا کہ حکومت پاکستان ملک بھر سے شام جانے والے تکفیری دہشت گردوں کے خلاف کاروائی کرے کہ جو شام پہنچ کر اسلامی مقدسا ت کو دہشت گردی کا نشانہ بنا رہے ہیں، ان کاکہنا تھا کہ اسلام کے مقدسات کے تحفظ او ر پیغمبر اکرم (ص) کے اہل بیت کی ناموس مبارکہ کے تحفظ کے لئے پاکستان کے شیعہ و سنی مسلمان متحد ہیں اور امریکی و صیہونی ایجنٹ تکفیری دہشت گردوں کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملادیں گے۔انہوں نے مزید کہا کہ اگر شام میں تکفیری دہشت گردوں نے اسلامی مقدسات کو نشانہ بنانے کے عمل کو ترک نہ کیا تو راست اقدام سے گریز نہیں کیا جائے گا۔اس موقع پر شرکائے احتجاجی مظاہرہ نے امریکہ مردہ باد، اسرائیل نا منظور،لبیک یا زینب (ص)، لبیک یا حسین (ع) اور کلنا عباس یا زینب کے فلک شگاف نعرے بلند کئے ۔
حکومت پاکستان شام جانے والے دہشت گردوں کے خلاف عملی اقدامات کرے ، علامہ علی انور