وحدت نیوز (کھرمنگ) مجلس وحدت مسلمین ضلع کھرمنگ کے سیکریٹری جنرل اور امام جمعہ والجماعت غندوس کھرمنگ علامہ شیخ علی اکبر رجائی نے خطبہ نمازجمعہ میں کہا کہ خالصہ سرکارنامی ظالمانہ اور کالاقانون کے تحت گلگت بلتستان کی عوامی اراضی پرجبری قبضے اور عمارتوں کے راتوں رات مسمار کرنے کایہ مکروہ سلسلہ گلگت بلتستان کی عوام کے جذبات کومجروح اور ذہنی تشویش پیداکرنے کا سبب بن رہاہے اس سازشی حربے کے خاتمہ کےلئے گلگت بلتستان کی عوام ایک باپھر عوامی ایکشن کمیٹی اور آغاعلی رضوی کی قیادت میں منظم تحریک اور احتجاج کے لئے ذہنی طور پر تیار ہے اور یہ مسئلہ نقض امن کا باعث بن رہاہے اس لئے فی الفور اس کالے قانون کو ختم کرکے عوامی ملکیت کے حق کو تسلیم کیاجائے ۔
انہوں نے مزید کہاکہ ضلع کھرمنگ کے ہیڈکوارٹرکا معاملہ بھی اسی کالے قانون کو عملی کرنے کے لئے اب تک معطل رکھاھواھے عوامی اختلافات محض ایک ایشوہے کئی مرتبہ اعلی حکام کے سامنے مہدی آباد تا بارڈر تک عوامی نمائندوں اور علماء نے متفقہ قرارداد پیش کرنے کے باوجوداب تک کوئی پیشرفت نظر نہیں آتی ہے اس ہیڈکوارٹر کے اب تک تعین نہ ہونے کی وجہ صرف اورصرف حکومت ہے عوامی مطالبہ ہمیشہ یہی رہاہے کہ فوری ہیڈکوارٹرکا تعین کیاجاے عوامی حقوق عوام تک پہنچائے جائیں۔