یوم ایفائے شہداء، ایم ڈبلیو ایم کراچی کا مزار قائد پر چراغاں، اہل سنت رہنماؤں کی شرکت

06 جولائی 2013

وحدت نیوز (کراچی) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کی اپیل پر سانحہ کوئٹہ، سانحہ پشاور سمیت ملک بھر میں جاری دہشت گردانہ کاروائیوں میں شہید ہونے والے شیعہ و سنی شہداء سے تجدید وفا کے لئے ’’ یوم ایفائے شہداء ‘‘ منایا گیا۔ اس موقع پر ایم ڈبلیو ایم کراچی ڈویژن کی جانب سے چراغاں کا پروگرام قائداعظم محمد علی جناح کے مزار پر منعقد کیا گیا، پروگرام میں شرکاء نے چراغ روشن کرکے ملک بھر میں دہشت گردوں کی دہشت گردی کا نشانہ بننے والے معصوم پاکستانیوں سے اظہار یکجہتی اور تجدید عہد وفا کیا۔ چراغاں کے موقع پر ایم ڈبلیو ایم کے مرکزی ڈپٹی سیکریٹری جنرل علامہ حسن ظفر نقوی، جمعیت علمائے پاکستان کے مرکزی رہنما علامہ قاضی احمد نورانی صدیقی اور علامہ عقیل انجم قادری بھی موجود تھے۔ جبکہ علامہ دیدار علی جلبانی، علی حسین نقوی اور علامہ علی انور جعفری نے شرکاء کی میزبانی کے فرائض انجام دیئے۔ اس موقع پر کراچی میں مزار قائد پر منعقدہ چراغاں کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے ایم ڈبلیو ایم کے مرکزی ڈپٹی سیکریٹری جنرل علامہ حسن ظفر نقوی نے افواج پاکستان اور چیف جسٹس آف پاکستان سمیت حکومت پاکستان سے مطالبہ کیا کہ ملک میں جاری دہشت گردی کے خلاف عملی اقدامات کئے جائیں اور کالعدم دہشت گرد ملک دشمن گروہوں پر مکمل پابندی عائد کی جائے۔

 

اہل سنت عالم دین اور جمعیت علمائے پاکستان کے مرکزی رہنما علامہ عقیل انجم قادری کا کہنا تھا کہ ایک طرف دہشت گرد پاکستان کے شہریوں کو مساجد، بازاروں، پولیس چوکیوں اور دیگر مقامات پر بدترین دہشت گردی کا نشانہ بنا رہے ہیں جبکہ حکومتی ادارے اور حکومت انہی دہشت گردوں سے مذاکرات کے راگ الاپ کر پاکستان کے 71 ہزار شہداء کے خون سے غداری کی مرتکب ہو رہی ہے۔ اس موقع پر شرکاء نے امریکہ مردہ باد اور اسرائیل نامنظور سمیت دہشت گردی کے خلاف اور شہداء سے تجدید وفا کے نعرے بلند کئے اور حکومت کو متنبہ کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے معصوم انسانوں کا قتل کرنے والے دراصل امریکہ اور اسرائیل کے مقامی ایجنٹ ہیں جو پاکستان کو غیر مستحکم کرنا چاہتے ہیں لہذٰا ان دہشت گردوں سے آہنی ہاتھوں نہ نمٹا گیا تو ملک گیر احتجاجی تحریک کا آغاز کردیا جائے گا اور دہشت گردوں کے خاتمے تک تحریک کا اختتام نہیں ہوگا۔

 

واضح رہے کہ گذشتہ ایک ماہ میں پشاور میں مدرسہ شہید علامہ عارف حسین الحسینی سمیت کوئٹہ میں ہزارہ ٹاؤن میں ہونے والے بم حملوں میں پچاس سے زائد معصوم انسان شہید ہو چکے ہیں جبکہ دیگر واقعات میں درجنوں پاکستانی شہید ہوئے ہیں اس حوالے سے مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کی اپیل پر جمعہ کو ملک بھر میں طالبان دہشت گردوں کی بربریت کا شکار شیعہ و سنی شہداء سے تجدید وفا کے لئے یوم ایفائے شہداء کے طور پر منایا گیا۔



اپنی رائے دیں



مجلس وحدت مسلمین پاکستان

مجلس وحدت مسلمین پاکستان ایک سیاسی و مذہبی جماعت ہے جسکا اولین مقصد دین کا احیاء اور مملکت خدادادِ پاکستان کی سالمیت اور استحکام کے لیے عملی کوشش کرنا ہے، اسلامی حکومت کے قیام کے لیے عملی جدوجہد، مختلف ادیان، مذاہب و مسالک کے مابین روابط اور ہم آہنگی کا فروغ، تعلیمات ِقرآن اور محمد وآل محمدعلیہم السلام کی روشنی میں امام حسین علیہ السلام کے ذکر و افکارکا فروغ اوراس کاتحفظ اورامر با لمعروف اور نہی عن المنکرکا احیاء ہمارا نصب العین ہے 


MWM Pakistan Flag

We use cookies to improve our website. Cookies used for the essential operation of this site have already been set. For more information visit our Cookie policy. I accept cookies from this site. Agree