وحدت نیوز(کراچی)مجلس وحدت مسلمین سندھ کے سیکرٹری جنرل علامہ باقر عباس زیدی نے کہا ہے کہ وزیراعظم گرین لائن منصوبے کا کریڈٹ لینے کی بجائے عوام کو مہنگائی، بے روزگاری کے خاتمے اور قانون کی عملداری سمیت ان بنیادی سہولیات کی فراہمی کے لئے اقدامات کریں جن کا انہوں نے الیکشن سے قبل وعدہ کیا تھا، عوام کا پرتعیش سفری سہولیات کے بغیر گزارہ ہوسکتا ہے لیکن خوراک کے بغیر گزر بسر نہیں ہوسکتا، اشیائے خوردونوش اور پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مسلسل اضافے نے عام آدمی کی کمر توڑ کے رکھ دی ہے، وزیراعظم پہلے دن سے لے کر اب تک عوام کو خوشنما وعدوں پر بہلانے میں لگے ہوئے ہیں، عوام وعدوں کی بجائے عملی اقدامات دیکھنا چاہتے ہیں، گرین لائن منصوبہ نہ تو موجودہ حکومت نے شروع کیا اور نہ ہی اس کی تکمیل موجودہ حکومت کے دور میں ممکن ہے، پھر بھی وزیراعظم اسے اپنے کھاتے میں ڈالنے کے لئے زور دے رہے ہیں جو وزیر اعظم کے منصب کے شایان شان نہیں۔
علامہ باقر زیدی کا کہنا تھا کہ وزیراعظم نے اگر عوام کے دل جیتنے ہیں تو ضروریات زندگی کو سستا کرنا ہوگا تاکہ عام آدمی سکون سے دو وقت کی روٹی حاصل کرسکے، گزشتہ تین سالوں میں جو مہنگائی کی گئی اتنی گزشتہ ستر سالوں میں بھی نہیں ہوئی، مختلف ریاستی اداروں سے ملازمین کو جبری برطرف کیا جا رہا ہے، جرائم کے بڑھتے ہوئے واقعات عدم تحفظ کے احساس میں اضافے کا باعث بنے ہوئے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ نوجوانوں کو لاپتہ کردیا جاتا ہے اور کوئی ادارہ ذمہ داری لینے کو تیار نہیں ہوتا، اس سارے عوامل کی ذمہ دار ایک ناکام حکومت ہے، وفاقی حکومت انتظامی معاملات پر اپنی گرفت کھوچکی ہے، عوام کو اب جھوٹے وعدوں پر مزید بہلایا نہیں جاسکتا، اگر حکومت عوام کو مطمئن نہ کرسکی تو اس کا زیادہ دیر اقتدار میں رہنا ممکن نہیں ہوگا۔