کراچی میں بڑھتا اسٹریٹ کرائم سکیورٹی اداروں کی کارکردگی پر سوالیہ نشان ہے، ایم ڈبلیو ایم

07 جون 2023

وحدت نیوز(کراچی)مجلس وحدت مسلمین پاکستان صوبہ سندھ کے پولیٹیکل سیکرٹری علی حسین نقوی نے علامہ صادق جعفری، علامہ مبشر حسن، آصف صفوی، احسن عباس رضوی، قیصر زیدی و دیگر کے ہمراہ سیدالشہداء کمیونٹی ہال کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ کراچی پاکستان کا دارالحکومت رہ چکا ہے اور اب بھی اسے پاکستان کا تجارتی دارالحکومت کہا جاتا ہے لیکن اگر یہاں ہونے والے جرائم پر نظر ڈالی جائے تو ایسے ”جرائم کا دارالحکومت“ کہنے میں بھی کوئی مضائقہ نہیں، عوام کو تحفظ کی فراہمی ریاستی اداروں کی اولین ذمہ داری ہے، شہر قائد میں بڑھتا ہوا اسٹریٹ کرائم سکیورٹی اداروں کی کارکردگی پر سوالیہ نشان ہے، سڑکوں پر دندناتے جرائم پیشہ افراد کی بڑھتی ہوئی وارداتوں سے شہری عدم تحفظ کا شکار ہیں، لوٹ مار، قتل کی یومیہ اور ماہانہ وارداتیں نیا ریکارڈ قائم کر رہی ہیں، ملکی موجودہ حالات، سیاسی عدم استحکام، معاشی بحران، قدرتی آفات، بے پناہ مہنگائی، بنیادی سہولیات کی عدم فراہمی نے عوام کی کمر توڑ دی ہے تو دوسری جانب عوام اسٹریٹ کرائم کے عذاب میں مبتلا ہے۔

رہنماؤں نے کہا کہ یوں لگتا ہے جیسے شہر کے علاقوں میں قانون کی بالادستی کی بجائے جرائم پیشہ عناصر کا راج ہے، سڑکوں پر دندناتے اسٹریٹ کرمنلز کے ہاتھوں شہریوں کی قیمتی جانیں جارہی ہیں، گزشتہ پانچ ماہ میں شہری 24 ہزار 161 موٹر سائیکلوں سے محروم ہوئے اور تیس سے زیادہ شہری اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے جن میں اکثر اپنے گھروں کے واحد کفیل تھے، گزشتہ ماہ ضلع کورنگی میں معروف عزادار سید صفدر شاہ اور ان کے جوان بیٹے اظہر شاہ کورہزنی کے واقع میں قتل کردیا جن کے قاتل تاحال گرفتار نہیں ہوئے، سپر ہائی وے مویشی منڈی جانے والے شہرریوں کو روزانہ کی بنیادوں پر لوٹا جارہا ہے، دیگر علاقوں میں بھی رہزنی ڈاکوؤں کے ہاتھوں شہریوں کا قتل عام ہے، وزیراعلیٰ سندھ کی جانب سے صرف نوٹس لینے کے دعوے ہوتے ہیں مجرم گرفتار نہیں کئے جاتے۔

رہنماؤں نے کہا کہ لوٹ مار کی وارداتیں پچھلی تمام حدیں پار کر جاتی ہیں اور جرائم کی روک تھام کے لئے قانون نافذ کرنے والے ادارے پولیس، رینجرز و دیگر بے بس دکھائی دے رہے ہیں، خصوصاً ضلع کورنگی اور ملیر میں صبح سویرے اسکول، کالج، فیکٹری اور دیگر امور کی انجام دہی کیلئے گھروں سے نکلنے والے افراد خصوصاً خواتین راہ گیروں کے ساتھ لوٹ مار کے واقعات میں مسلسل اضافہ دیکھنے میں آئے ہیں، اسٹریٹ کرمنلز خواتین کو خاص طور نشانہ بنارہے ہیں کیونکہ خواتین کی جانب سے زیادہ مزاحمت کا سامنا نہیں ہوتا، اسٹریٹ کرائم کے روک تھام کیلئے سکیورٹی ادروں کی حکمت عملی کا گراف ڈاؤن ہے، ہر ماہ کے اختتام پر سی پی ایل سی کی رپورٹ جاری کر دی جاتی ہے جو صوبائی حکومت اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کارکرگی کی قلعی کھولنے کیلئے کافی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ جرائم کی مختلف وارداتوں کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی منظر عام پر آئی ہیں لیکن ان میں ملوث افراد کے خلاف کاروائی نہیں ہوتی، ہم صوبائی حکومت سے مطالبہ کرتے ہیں کہ کراچی اسٹریٹ کرائم میں جاں بحق ہوئے والے عزادار صفدر شاہ، اظہر شاہ سمیت شہریوں کے قاتلوں کی فوری گرفتاری عمل میں لائی جائے، ضلع کورنگی اس وقت جرائم کی وارداتوں کا گڑھ بن گیا ہے، ایس ایس پی کورنگی کو فوری معطل کیا جائے، جب تک جرائم پیشہ افراد پر آہنی ہاتھ نہیں ڈالا جاتا تب تک شہر میں لاقانونیت کا غلبہ رہے گا، جرائم پیسہ افراد کے خلاف قانون سازی کرکے سخت سے سخت سزائیں دی جائیں، حکومت و قانون نافذ کرنے والے ادارے اسٹریٹ کرائمز پر قابو پائیں وگرنہ عوام کے ساتھ احتجاج پر مجبور ہوں گے جوکہ ہمارا آئینی و جمہوری حق ہے۔



اپنی رائے دیں



مجلس وحدت مسلمین پاکستان

مجلس وحدت مسلمین پاکستان ایک سیاسی و مذہبی جماعت ہے جسکا اولین مقصد دین کا احیاء اور مملکت خدادادِ پاکستان کی سالمیت اور استحکام کے لیے عملی کوشش کرنا ہے، اسلامی حکومت کے قیام کے لیے عملی جدوجہد، مختلف ادیان، مذاہب و مسالک کے مابین روابط اور ہم آہنگی کا فروغ، تعلیمات ِقرآن اور محمد وآل محمدعلیہم السلام کی روشنی میں امام حسین علیہ السلام کے ذکر و افکارکا فروغ اوراس کاتحفظ اورامر با لمعروف اور نہی عن المنکرکا احیاء ہمارا نصب العین ہے 


MWM Pakistan Flag

We use cookies to improve our website. Cookies used for the essential operation of this site have already been set. For more information visit our Cookie policy. I accept cookies from this site. Agree