وحدت نیوز(کراچی) چہلم امام حسینؑ کے حساس موقع پر شہر قائد کا امن وامان تباہ کرنے کی مذموم کوشش کی جارہی ہے۔ کالعدم تکفیری دہشت گرد جماعت کو اس حساس موقع پر جلسہ جلوس کی اجازت کس نے فراہم کی ؟ گولیمار میں شیعہ عزاداروںپر حملہ ایک منظم سازش کے تحت کیا گیا۔ ان خیالات کا اظہارمجلس وحدت مسلمین کراچی ڈویژن کے صدر علامہ صادق جعفری نے گولیمار علی بستی میں شہید ہونے والے جنید حیدر کے اہل خانہ سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر صدر عزاداری ونگ کراچی سید رضی حیدر رضوی، حسن کمیل ، علی حیدرکاظمی ودیگر رہنما بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔
علامہ صادق جعفری نے مزید کہا کہ سندھ حکومت کالعدم تنظیم کی فعالیت کا فوری نوٹس لے ،وہ کون سے حکام ہیں جنہوں نے چہلم امام حسینؑ کے حساس موقع پر ان شرپسند عناصر کو شہر کا امن بربادکرنے کیلئے جلسے جلوس کی اجازت فراہم کی، بے گناہ عزادارجنید حیدر کو بے دردی سے فائرنگ کرکے شہید کیا گیا۔
قانون نافذ کرنے والے ادارے فوری طور پر قاتلوں کو گرفتار کرکے کیفر کردار تک پہنچائیں۔ ملت جعفریہ میں اس دہشت گرد حملے کے خلاف شدید اشتعال پایا جاتا ہے، اگر شیعیان حیدر کرارؑ کو انصاف نا ملا تو پر امن احتجاج کا حق محفوظ رکھتے ہیں۔