وحدت نیوز (کوئٹہ) مجلس وحدت مسلمین بلوچستان اور ملی یکجہتی کونسل بلوچستان کے سیکرٹری جنرل علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا ہے کہ پیغمبر رحمت ﷺ کی توہین کر کے مغرب نے کروڑوں مسلمانوں کی دل آزاری کی ہے۔پاکستان کے مسیحی بھائیوں کی جانب سے پیغمبر اسلام کی توہین کرنے والوں کے خلاف احتجاج قابل تحسین عمل ہے۔ادیان عالم کے تمام نمائندوں کو مل کر توہین رسالت و ادیان کے خلاف مشترکہ موقف اختیار کرنا چاہئیے۔
انہوں نے کہا کہ امت مسلمہ درد مشترک اور قدر مشترک پر متحد ہو جائے،اتحاد بین المسلمین کے پروگرام کے تحت ملک کی دینی جماعتیں ملی یکجہتی کونسل کے پلیٹ فارم سے مشترکہ جدوجہد کر رہی ہیں۔امت مسلمہ اسلام دشمن سامراجی قوتوں کے جال میں اسیر رہنے کی بجائے اسلام کی عظیم انقلابی تعلیمات کے ذریعے عالم بشریت کی رہنمائی کریں اور اقوام عالم کو سامراجی غلامی سے نکال کر نور ہدایت اور فلاح کا راستہ دکھائیں۔
انہوں نے کہا کہ حکومت کی جانب سے بلوچستان کی تعمیر و ترقی کیلئے یہاں محرومیت کا خاتمہ ضروری ہے۔ ۶۸ سالہ محرومیت کے خاتمہ کیلئے سنجیدہ عملی اقدامات کی ضرورت ہے۔ مڈل کلاس سے تعلق رکھنے والی بلوچ قومپرست قیادت سے عوام کی توقعات وابستہ ہیں۔