چمن پرلت پر ڈپٹی کمشنر اور ایف سی حملے کے خلاف تحریک تحفظ آئین پاکستان کی احتجاجی ریلی،مجلس وحدت مسلمین کے رہنماعلامہ ولایت جعفری کی بھی خصوصی شرکت

09 مئی 2024

وحدت نیوز(کوئٹہ)تحریک تحفظ آئین پاکستان کے زیر اہتمام چمن پرلت پر ڈپٹی کمشنر اور ایف سی حملے کے خلاف کوئٹہ میں احتجاجی ریلی کا انعقاد کیا گیا۔ احتجاجی ریلی میٹروپولیٹن کارپوریشن کے سبزہ زار سے نکالی گئی جو شہر کے مختلف شاہراہوں قندہاری بازار، باچا خان چوک سے ہوتی ہوئی منان چوک پر اجتماع میں تبدیل ہوئی۔ ریلی کے شرکاء نے چمن پرلت کے مطالبات کے حق میں اور چمن پرلت پر حملے میں ملوث ایف سی اور ضلعی انتظامیہ کے ذمہ داران کے خلاف ایف آئی آر درج کرنے سمیت دیگر نعرے لگائیں۔ احتجاجی جلسے کی قیادت تحریک تحفظ آئین پاکستان کے رکن جماعتوں کے قائدین کر رہے تھے۔ اس موقع پر مجلس وحدت مسلمین کے رہنماء علامہ ولایت حسین جعفری، پی ٹی آئی رہنماء داؤد شاہ کاکڑ، بی این پی رہنماء ساجد ترین، پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے رہنماء عبدالرحیم زیارتوال اور انجمن تاجران کے رہنماء عبدالرحیم کاکڑ نے خطاب کیا۔
 
مجلس وحدت المسلمین کے رہنماء علامہ حسین جعفری نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ظلم کے ہر شکل کی مذمت کرتے ہیں۔ ہم مظلوموں کے ساتھ کھڑے رہینگے۔ انہوں نے کہا کہ چمن پرلت کے شرکاء 7 مہینے سے احتجاج پر بیٹھ کر حکومت سے مطالبہ کررہے ہیں کہ ان کے مطالبات کو تسلیم کیا جائے لیکن حکومت انہیں سن رہی ہے۔ حکومت کو چاہئے کہ وہ عوام کو روزگار کے مواقع فراہم نہ کہ ان پر گولیاں برسائیں۔ ہمارے قائد علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے کہا تھا کہ ہم چمن کے عوام کی آواز ہر فورم پر اٹھائیں گے اور ان کا ساتھ ہوئے پورے پاکستان میں ان کی فریاد پہنچائیں گے اور اس تحریک کو پھیلائیں گے اور یہ تحریک چمن کے عوام کو تنہا نہیں چھوڑیگی۔ انہوں نے کہا کہ آج عمران خان سمیت تمام بے گناہ قیدیوں سیاسی رہنماؤں و کارکنوں کو رہا کیا جائے۔
 
بلوچستان نیشنل پارٹی کے رہنماء ساجد خان ترین نے اس موقع پر کہا کہ چمن کے عوام کا 7 مہینے سے جاری پر امن دھرنا، منظم انداز میں اپنے مطالبات کیلئے احتجاج ایک سیاسی جمہوری عمل ہے اور اس پر ہم انہیں داد تحسین پیش کرتے ہیں لیکن اس پر امن پرلت پر حملہ کرنا، لوگوں کو شہید و زخمی کرنا قابل افسوس اور قابل مذمت ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک کا آئین ہر شہری کو احتجاج کا حق دیتا ہے لیکن اس صوبے کے عوام کو آئین میں دیئے گئے حقوق سے محروم رکھا جا رہا ہے۔ ہمارے نوجوانوں پر روزگار، تجارت کے دروازے بند کرکے انہیں لاپتہ کیا جاتا ہے۔ اس قسم کے ناروا اقدامات کا مقصد نوجوانوں کو گمراہ کرکے پہاڑوں کی طرف بھیجنے کے مترادف ہے۔ جب شہریوں کو آئینی، انسانی، جمہوری، اسلامی حقوق حاصل نہیں ہونگے تو وہ کیا کرینگے۔ انکا کہنا تھا کہ آج عمران خان کو جیل میں رکھا گیا ہے۔ وہ کہتا ہے کہ میں ملک سے باہر جانیوالوں میں سے نہیں ہوں اور اپنے ملک کے عوام کیلئے لڑتا رہوں گا۔ جنہیں جیل میں ہونا چاہیے اسے ملک کے عوام پر مسلط کرکے حکمرانی دے دی گئی ہے۔ آج بھی اس سرزمین کے قائدین، سیاسی کارکن ملک میں آئین کی بالادستی، جمہوریت، عوام کے حقوق کیلئے جدوجہد کر رہے ہیں۔ تمام تر سزاؤں کے باوجود اپنے موقف سے دستبردار نہیں ہوئے۔
 
پشتونخواملی عوامی پارٹی کے رہنماء عبدالرحیم زیارتوال نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 1893 میں ڈیورنڈ خط کھینچی گئی اور اُس وقت سے لیکر کل تک خط کے آر پار رہنے والے لوگ آزادانہ طور پر آتے جاتے رہے ہیں۔ مسئلہ یہ بنا کہ خط کھینچنے سے لوگوں کے گھر، گاؤں، زرعی زمینیں، قبرستان تقسیم ہوگئے تھے۔ چمن کے لوگوں کی تقریباً کوئی 4 ہزار دکانیں مارکیٹیں اُس جانب ہے اور گھر دوسری جانب ہے۔ اپنی دکانوں، مارکیٹوں پر جانا روز کا معمول ہے۔ اب اسے بند کرنا، ان پر آمدورفت اور تجارت بند کرنا ان کے معاشی قتل عام کے مترادف ہے۔ انہوں نے کہا کہ انتخابات میں سیاسی جمہوری جماعتوں کی حق رائے دہی، مینڈیٹ اور سب سے بڑھ ملک کی سطح پر پاکستان تحریک انصاف کے مینڈیٹ کو چوری کیا گیا ہے۔ لوگوں کو جیلوں میں ڈالنے سے ان کی زبانوں پر تالا نہیں جاسکتا۔ آج میں اس اجتماع کو ایک بات بتانا چاہتا ہوں کہ اسمبلی میں بیٹھے ہوئے لوگ خود حیران و پریشان اور شرمندہ ہیں۔
 
انہوں نے کہا کہ پشتونخوامیپ کا مینڈیٹ ضلع پشین میں کس طرح چرایا گیا۔ پیسوں کے عیوض کن لوگوں نے مینڈیٹ خریدا یہ کسی سے ڈھکی چھپی نہیں۔ اسی طرح صوبے کے مختلف اضلاع میں حقیقی سیاسی جمہوری پارٹیوں کا عوامی مینڈیٹ دن دہاڑے سرکاری سرپرستی میں چوری کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ دنوں سنی اتحاد کونسل کے چیئرمین صاحبزادہ حامد رضا صاحب نے کہا کہ حالیہ الیکشن میں بلوچستان کی اسمبلی 70 سے 80 ارب میں خریدی گئی ہے۔ اس میں کوئی دو رائے نہیں ہیں ابھی تو ہر وزیر، مشیر کیلئے بولیاں لگائی جارہی ہیں اور وزارتیں فروخت ہو رہی ہے۔ اس تمام صورتحال میں ہمارے الائنس کے کارکنان کسی بھی موقع پر غلط سلوگن کی جانب نہیں جائیں گے۔ ہم پاکستان زندہ آباد کہے گے اور اس کیلئے ضروری ہے کہ عوام کے مینڈیٹ کا احترام کیا جائے ہمارا چھینا گیا۔ مینڈیٹ واپس کیا جائے اور اسمبلی سے لٹیروں، چوروں ، زر اور زور دھاندلی کے ذریعے آنے والے نمائندوں کو باہر کیا جائے اور آئین کی بالادستی، پارلیمنٹ کی خودمختاری کو تسلیم کیا جائے۔
 
احتجاجی جلسے مرکزی انجمن تاجران بلوچستان کے صدر عبدالرحیم کاکڑ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ چمن کے عوام کے واحد ذریعہ معاش پر پابندی عائد کردی گئی ہے۔ وہاں کوئی کارخانہ، فیکٹری، زراعت موجود نہیں، دو ہاتھوں کی محنت مزدوری کے ذریعے وہاں کے لوگ اپنے بچوں کی کفالت کرتے ہیں اور ان سے یہ حق چھینا ان کی معاشی قتل عام کے مترادف ہے۔ گزشتہ روز چمن پرلت پر حملہ کرنا، فائرنگ کے نتیجے میں تاجروں، مزدوروں کی شہادت، زخمی ہونے کے واقعات کی انجمن تاجران شدید الفاظ میں مذمت کرتی ہے اور مطالبہ کرتی ہے کہ چمن پرلت کے مطالبات کو تسلیم کرتے ہوئے واقعہ میں ملوث ذمہ داران کے خلاف ایف آئی آر درج کی جائے اور قانونی کارروائی کی جائے۔ ہم سیاسی جمہوری پارٹیوں اور چمن پرلت کے ساتھ کھڑے ہیں اور ہر احتجاج کیلئے تیار اور حمایت کرتے ہیں۔
 
پاکستان تحریک انصاف کے صوبائی صدر داؤد شاہ کاکڑ نے خطاب کرتے ہوئے چمن کے ناخوشگوار واقعہ میں ایک نوجوان کی شہادت اور درجنوں کے زخمی ہونے کے واقعہ کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ اس شہیداور زخمیوں کو خون بہا کر جو حقوق تلفی کی گئی ہے۔ جب تک ان کے حقوق کو ان کی دہلیز تک نہ پہنچائیں ہم آرام سے نہیں بیٹھے گے۔ انہوں نے کہا کہ ملکی آئین پائمال ہے۔ ہماری پارٹی، لیڈر شپ، کارکنوں، ماؤں بہنوں پر جو ظلم ہوا، اس کی مثال تاریخ میں نہیں ملتی۔ لیکن اس کے باوجود تحریک انصاف اور یہ الائنس ملک میں آئین کیلئے کھڑی ہے۔ عوام کی امید عمران خان سے ہے اور اس ملک بچانے کیلئے ضروری ہے کہ عمران خان کو رہا کیا جائے۔ یہ ملک ایسے نہیں چلایا جاسکتا۔
 
انہوں نے کہا کہ نگران دور حکومت کے وزیراعظم اور مسلم لیگ ن کے سینئر قیادت ایک اجلاس میں ایک دوسرے پر الزام لگاتے رہے کہ گندم برآمدات میں اربوں روپے چوری کئے جو شرم کا مقام ہے۔ ہم اس ناجائز حکومت سے کہتے ہیں کہ آپ نے بلوچ بھائیوں کے گھروں پر چھاپے مارے ہیں، انہیں لاپتہ کیئے ہیں انہیں بازیاب کرے۔ عمران خان سمیت تمام سیاسی رہنماؤں و کارکنوں کو رہا کیا جائے۔ تحریک تحفظ آئین پاکستان کے سربراہ محمود خان اچکزئی کے خلاف ضلع اانتظامیہ کی جانب سے ایف آئی آر اور وارنٹ گرفتاری کے اقدامات کی مذمت کرتے ہیں۔ اس قسم کے عوام دشمن، سیاست و جمہوریت دشمن اقدامات قابل افسوس ہے۔ ملک کو بنانے والے ہم سیاسی جمہوری لوگ ہے، ہمارے صبر کا امتحان نہ لیا جائے۔



اپنی رائے دیں



مجلس وحدت مسلمین پاکستان

مجلس وحدت مسلمین پاکستان ایک سیاسی و مذہبی جماعت ہے جسکا اولین مقصد دین کا احیاء اور مملکت خدادادِ پاکستان کی سالمیت اور استحکام کے لیے عملی کوشش کرنا ہے، اسلامی حکومت کے قیام کے لیے عملی جدوجہد، مختلف ادیان، مذاہب و مسالک کے مابین روابط اور ہم آہنگی کا فروغ، تعلیمات ِقرآن اور محمد وآل محمدعلیہم السلام کی روشنی میں امام حسین علیہ السلام کے ذکر و افکارکا فروغ اوراس کاتحفظ اورامر با لمعروف اور نہی عن المنکرکا احیاء ہمارا نصب العین ہے 


MWM Pakistan Flag

We use cookies to improve our website. Cookies used for the essential operation of this site have already been set. For more information visit our Cookie policy. I accept cookies from this site. Agree