وحدت نیوز (گلگت) گلگت بلتستان میں جو جماعتیں تیس سالوں تک اقتدار میں رہیں انہوں نے عوام کو مایوسی کے سوا کچھ نہیں دیا،عوام ایک بارمجلس وحدت کوموقع فراہم کریں ہم انشاء اللہ عوام کو مایوس نہیں کرینگے اور حقیقی عوامی نمائندے اقتدار کے ثمرات عوام تک پہنچائیں گے۔ان خیالات کا اظہار مجلس وحدت مسلمین کے سربراہ علامہ ناصر عباس جعفری نے چھلت میں عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔
انہوں نے کہا کہ رہبر مسلمین سید علی خامنہ ای نے کبھی بھی پاکستان میں کسی جماعت کو الیکشن میں سپورٹ نہیں کیا اور عوام کو کسی مخصوص جماعت کو ووٹ دینے کا حکم نہیں دیا۔انہوں نے کہا کہ جو کوئی یہ تاثر دینے کی کوشش کرتا ہے وہ سراسر جھوٹ ہے اور عوام ایسی باتوں پر ہرگز اعتبار نہ کریں۔ر ہبر معظم اپنے ہی ملک میں پارٹی پولیٹکس میں مداخلت نہیں کرتے ہیں اگر ایسا ہوتا تو آج ایران میں 30 سے زائد سیاسی جماعتیں نہیں ہوتی اور مقام معظم رہبری نے کبھی کسی پارٹی کی حمایت کی ہے اور نہ ہی انہوں نے کسی امیدوار کے حق میں کمپین چلائی ہے۔
علامہ ناصر عباس جعفری نے مزید کہا کہ عوام کو چاہئے کہ وہ باکردار اور متقی افراد کو ووٹ دیں عبا قبا اور عمامے کو نہ دیکھیں، صاحب کردار افراد کو اپنی نمائندگی کیلئے منتخب کرکے سیاست میں شرافت کو رواج دیں۔انہوں نے کہا کہ مجلس وحدت مسلمین نے مظلوم و مستضعف عوام کے حقوق کیلئے کراچی سے گلگت بلتستان تک پرامن جدوجہد کی ہے اور عوامی حقوق کی اس جدوجہد میں ہماری جماعت نے نہ سودا بازی کی اور نہ ہی ملی مفادات پر کسی مصلحت کو آڑے آنے دیا۔ کوئٹہ سے کراچی اور گلگت سے پاراچنار تک ملت کے خلاف ہونے والی ہرسازش اور ظلم کے خلاف جرات مندانہ اور دوٹوک موقف اپنایا۔
انہوں نے کہا کہ ہمارے امیدوار اپنی اہلیت اور قابلیت کی بنیاد پر عوام کی نمائندگی کے لئے زیادہ مناسب ہیں اور یہی نمائندے منتخب ہوکر عوام کے مسائل حل کرینگے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہم نے اپنی اہلیت کا مظاہر کرکے دکھایا ہے اورہم ہی مستقبل کے چیلنجوں اور ملی مسائل کے حل کی اہلیت اور طاقت رکھتے ہیں۔