وحدت نیوز(مظفر آباد) دائی اتحاد بین المسلمین ،مجلس وحدت مسلمین آزادکشمیر کے سیکرٹری جنرل علامہ سید تصور حسین نقوی الجوادی نے میلاد مصطفی ؐ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میلاد پیغمبر اسلام ؐ میں دلوں کا مسرور ہونا،ہاتھوں میں سبز پرچم لیکر یا رسول اللہ کی صدائیں بلند کرنا،دورد و سلام پڑھتے ہوئے سڑکوں پر نکل آنا،دراصل اللہ رب العزت کی اس عظیم نعمت کا شکر اداکرنا ہے،جو اس نے رسول ؐ کی صورت میں ہمیں عطا کی۔ آج کی میلاد کانفرنس اپنی نوعیت کا منفرد پروگرام جس میں تما م مکاتب فکر کے علماء و زعماء شریک ہیں،ہم نے پاکستان کی شیعہ سنی اعلیٰ قیادت کو بلا کر یہ ثابت کردیا کہ آزادکشمیر کی سر زمین امن و محبت کی سرزمین ہے۔شیعہ سنی مسلمانوں نے ہاتھوں میں ہاتھ ڈال کر اتحاد و وحدت کا جو عملی مظاہرہ کیا یہ آنیوالی نسلوں کیلئے دنیا بھر کے مسلمانوں کیلئے عظیم مثال اور تاریخی پیغام کی حثیت رکھتا ہے۔ہم تمام مکاتب فکرکے غیور مسلمانوں سے اپیل کرتے ہیں کہ آئیں ہمارے اس کاروان کا حصہ بنیں، اختلافات کو چھوڑ کر امن و وحدت کا پرچارکریں۔ہمارا مقصد امت رسول اقدس ؐ متحد کر کے عظیم طاقت بنانا ہے۔