وحدت نیوز(ملتان) مجلس وحدت مسلمین کے سربراہ علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کی اپیل پر ملک کے دیگر شہروں کی طرح ملتان میں بھی امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن اور مجلس وحدت مسلمین کے زیراہتمام نماز جمعہ کے بعد بھارتی مظالم کے خلاف احتجاج مظاہرہ کیا گیا۔ مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے آئی ایس او ملتان کے ڈویژنل صدر محمد شہریار حیدر کا کہنا تھا کہ نریندر مودی آر ایس ایس کی نازی سوچ خود ہندوستان کے لیے خطرہ بن چکی ہے، مسلم دشمنی میں ہندوستان خود کو دنیا میں تنہا کرتا جا رہا ہے، ہم ہندوستان میں مسلمانوں کے ساتھ روا سلوک اور مساجد کی بے حرمتی کو کسی صورت قبول نہیں کریں گے۔
ریلی سے خطاب کرتے ہوئے مجلس وحدت مسلمین ملتان کے سیکرٹری جنرل مرزا وجاہت علی کا کہنا تھا کہ بھارت میں مسلم کشی، مساجد کی بے حرمتی اور اقلیتوں کے ساتھ متعصبانہ رویہ کسی صورت قابل قبول نہیں، پاکستانی عوام اور عالم اسلام بھارت کے ان طالمانہ اقدام کی بھرپور مذمت کرتی ہے، بھارت میں مسلمانوں کے ساتھ جو سلوک ہو رہا ہے اس کے بعد آج ہر شخص قائداعظم کے دو قومی نظریے کی حمایت کرنے پر مجبور ہوچکا ہے۔ اس موقع پر عابس رضا، شبر زیدی، محسن بھٹی، علمدار حسین، سہیل عابدی، ظفر کھرل اور دیگر موجود تھے۔