وحدت نیوز (اسلام آباد)مجلس وحدت مسلمین کے زیر اہتمام کنونشن سینٹراسلام آباد میں شہید قائد علامہ عارف حسین الحسینی کی 34ویں برسی کی مناسبت سے منعقدہ مہدی ع برحق کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے سنی اتحاد کونسل کے چیئرمین صاحبزادہ حامد رضا نے کہا کہ مجلس وحدت مسلمین کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں کہ انہوں نے شہید قائد کی فکر کو زندہ رکھا ہوا ہے۔انہوں نے کہا کہ اسرائیل کو تسلیم کرنے کے لیے ہماری لاشوں سے گزر کر جانا ہو گا۔ جو اسرائیل کو تسلیم کرنے کی بات کرے گا ہم اس کی آنکھیں نوچ لیں گے۔عمران خان کے علاوہ کسی سیاسی شخصیت نے کبھی کھل کر یہ کہنے کی جرات نہیں کی کہ وہ اسرائیل کو تسلیم نہیں کریں گے۔
انہوں نے کہا نظریہ اسلام کے نام پر وجود میں آنے والی ریاست میں کسی کی عزت محفوظ نہیں رہی۔قائد اعظم اور ان کے بعد قتل ہونے والی ممتاز سیاسی شخصیات کے قتل میں ملوث پس پردہ طاقتیں آج تک بے نقاب نہیں ہو سکیں۔پاکستان کو تباہ کرنے کے لیے مذہبی منافرت کا پر چار کیا گیا۔ جو لوگ اتحاد و اخوت کے داعی تھے انہیں قتل کر دیا گیا۔انہوں نے کہا کہ طالبان سے مذاکرات کا اختیار صاحبان اقتدار کو کس نے دیا ہے۔شہید ہمارے گھروں کے ہیں ہماری قوم کے ہیں ان کے قاتلوں کے بارے میں فیصلہ بھی ہم ہی نے کرنا ہے۔