وحدت نیوز(اصفہان) انقلاب اسلامی ایران کی کامیابی کی چھیالیسویں سالگرہ کے موقع پر جامعۃ المصطفیٰ اصفہان کی جانب سے نکالی گئی ریلی میں مجلس وحدت مسلمین شعبہ اصفہان کے اراکین و مسئولین نے بھرپور شرکت کی۔ یہ ریلی بروز سوموار 10 فروری 2025 کو منعقد ہوئی، جس میں شعبہ اصفہان کے اراکین نے انقلاب اسلامی کے دفاع اور حمایت میں نعرے لگاتے ہوئے شرکت کی۔ریلی کا آغاز جامعۃ المصطفیٰ کے ہاسٹل اور مدرسہ حکیمیہ سے ہوا، جو اصفہان کے مرکزی مقام "نقش جہان" امام خمینی (رہ) کے میدان تک جاری رہی۔
مجلس وحدت مسلمین شعبہ اصفہان کے اراکین نے ریلی کے دوران "امریکہ مردہ باد"، "اسرائیل مردہ باد"، اور " منافقین مردہ باد" جیسے نعروں کے ذریعے انقلاب اسلامی کے اصولوں اور اقدار کی حمایت کا اظہار کیا۔مجلس وحدت مسلمین شعبہ اصفہان کے اراکین نے اس موقع پر انقلاب اسلامی کی کامیابی کو سلام پیش کرتے ہوئے اس عظیم تحریک کے مقاصد اور اہداف کو زندہ رکھنے کا عزم دہرایا۔
انہوں نے ولایت فقیہ کے نظام کی حمایت میں اپنی پُرعزم آواز بلند کی اور دشمنان اسلام کے خلاف اتحاد و یکجہتی کا پیغام دیا۔ریلی کے اختتام پر امام خمینی (رہ) کے میدان میں شرکت کرنے والوں نے انقلاب اسلامی کے بانی امام خمینی (رہ) اور شہدائے انقلاب کو خراج تحسین پیش کیا۔ مجلس وحدت مسلمین شعبہ اصفہان کے اراکین نے اس موقع پر اپنے جذبات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ انقلاب اسلامی کی کامیابی صرف ایران ہی نہیں بلکہ پوری دنیا کے مظلوم عوام کے لیے ایک روشن پیغام ہے۔
یہ تقریب جامعۃ المصطفیٰ اصفہان کے زیر اہتمام منعقد ہوئی، جس میں شہر کے مختلف حلقوں سے تعلق رکھنے والے طلباء، اساتذہ، اور مذہبی و سیاسی شخصیات نے شرکت کی۔ مجلس وحدت مسلمین شعبہ اصفہان کے اراکین نے بھی اس موقع پر اپنی فعال شرکت سے انقلاب اسلامی کے ساتھ اپنی وابستگی کا اظہار کیا۔