وحدت نیوز(کراچی) مجلس وحدت مسلمین سولجربازار یونٹ ضلع جنوبی کراچی کی جانب سے نویں امام حضرت امام محمد تقی ؑ کی ولادت کی مناسبت سے درس کا انعقاد مسجد و امام بارگاہ ابو طالبؑ سولجر بازار میں کیا گیا ۔ اس موقع پرشرکائے درس سے خطاب کرتے ہوئے مولانا سجاد مہدو ی نے کہا کہ آٹھویں امام حضرت علی رضا ؑ کی شہادت کے وقت امام محمد تقی ؑ کی عمر صرف آٹھ سال تھی ۔ شیعہ عوام کا امام ؑ کے کم سن ہونے پر انہیں قبول کرنا ایک مشکل معاملہ تھا ۔ جبکہ امام ؑ کے کم سن ہونے پر مخالفین شیعوں کا مذاق بھی بنایا کرتے تھے ۔ تاہم امام جوادؑ کے مختلف مواقعوں پر مدلل علمی جوابات لوگوں کی تسلی کا باعث بنے ۔ خاص کر حج کے مشکل اور پیچیدہ موضوع پر امام ؑ نے جو جوابات دئیے وہ مخالفین کو روکنے اور شیعہ عوام کے اطمینان میں اضافہ کا باعث بنے ۔
مولانا سجاد مہدوی نےکہاکہ امام ؑ چاہے آٹھ سال کا ہی کیوں نہ ہو وہ علم لدونی کا حامل ہوتا ہے ۔ خلیفہ مامون اپنی بیٹی کی امام ؑ سے شادی کے ذریعے امام ؑ کو اپنے کنٹرول میں کرناچاہتا تھا ۔ امام ؑ کی کمسنی کے علاوہ عالم اسلام کے تشیعوں کی رہبری امام جوادؑ کے لئے ایک دوسرا بڑا چیلنج تھا ۔ اس دور میں امام ؑ کے وکیل عالم اسلام میں پھیلے ہوئے تھے اور انہیں کے ذریعے رہبری کا فریضہ امام ؑ انجام دیا کرتے تھے ۔ ایک ایسے زمانے میں جب ذرائع ابلاغ کا کوئی موثر ذریعہ نہ تھا ،امام جواد ؑ نے مربوط اورمنظم انداز میں وکیلوں کے ذریعے اپنی عوام کی رہنمائی کا فریضہ احسن طریقے سے انجام دیا ۔
مولانا سجاد مہدوی نے کہاکہ غلو کو روکنا امام جواد ؑ کے لئے تیسرا اہم چیلنج تھا ۔ امام جعفر صادق ؑ کے دور سے امام کو خدا کا مقام دے کر غلو کی تبلیغ کا سلسلہ جاری تھا ۔ ابو الخطاب نامی شخص نے شیعیت سے نکل کر غلو کا سلسلہ شروع کیا ،تاہم بعد میں اسے قتل کردیا گیا مگر اس کے ماننے والے خطابیہ نامی فرقہ سے اس کے افکار و نظریات کو پھیلارہے تھے ۔ امام ؑ نے غلو کو روکنے کے لئے ابو الخطاب پر لعنت بھیجی اور ساتھ انتہائی سخت موقف اختیار کرتے ہوئے ان لوگوں پر بھی لعنت بھیجی جو اسے ملعون ماننے پر تردد کا شکار تھے ۔ امام ؑ نے غلو کے فتنے کو روکنے کے لئے دو افراد کے قتل کا حکم دیا ۔ امام جوادؑ کی سرگرمیوں اور فعالیت دربار خلافت کے برداشت سے باہر تھی ،اسی لئے انہیں روکنے کےلئے محض پچیس سال کی عمر میں شہید کردیا گیا ۔ محض پیسٹھ سالوں میں ظالم حاکموں نے چار اماموں امام علی رضاؑ ،امام محمد تقیؑ ،امام علی نقی ؑ اور امام حسن عسکری ؑ کو شہید کردیا ۔ مجلس وحدت مسلمین سولجر بازار یونٹ ضلع جنوبی کی جانب سے منعقد کئے گئے درس کے اختتام پر شہید محمد علی نقوی اور ان کے باوفا ساتھی تقی عباس کے لئے فاتحہ خوانی کی گئی ۔
وحدت نیوز(فیصل آباد) عالمی یوم خواتین کے سلسلے میں فیصل آباد میں ضلع کونسل چوک سے چوک گھنٹہ گھر تک ریلی نکالی گئی جس میں مختلف مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والی خواتین اور بچیوں نے شرکت کی۔ ریلی میں ایم ڈبلیو ایم شعبہ خواتین مرکزی سیکرٹری فلاح و بہبود محترمہ فرحانہ گلزیب صاحبہ نے خصوصی شرکت کی اور خواتین سے خطاب کیا ۔
اپنے خطاب میں انھوں نے کہا کہ وطن عزیز اسلامی جمہوری پاکستان میں جو حقوق نسواں آزادی مارچ کے نام پہ لبرل خواتین سڑکوں پر نکلتی ہیں اور یہ بے حیائی اور فحاشی کا کلچر عام کرنا چاہتیں ہیں لبرل ازم کا زہر ہماری پاکیزہ خواتین کے دماغ میں انڈیلنا چاہتی ہے اور انھیں اسلام سے بدظن کر کے مغربی کلچر کا دلدادہ بنانا ان کا اصل مقصد ہے نام نہاد آزادی نے طبقہ نسواں کو تباہی اور بربادی کی دلدل میں لا گھسیٹا خواتین کے حقوق کے نام پر فحاشی ہے۔
انہوں نے مزید کہاکہ خواتین کے حقوق چودہ سو سال پہلے طے کر دیے ہیں اسلام سے پہلے عورت کو زندہ درگور کردیا جاتا تھا اسلام نے زندگی کا حق دیا ھے تحفظ دیا ہے، عزت دی ہے تعلیم کا حق دیا ہے ماں ہو تو قدموں تلے جنت رکھی ہے بیٹی کو رحمت کہا بیوی کو سکون اور محبت قرار دیا حقوق کے نام پر فحاشی پھیلائی جا رہی ہے انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان ایک اسلامی ملک ہے جس میں حیا کا کلچر ہے ہم بے حیائی مارچ کو نامنظور کرتے ہیں میرا جسم میری یہ نعرہ یہاں نہیں چلنے دیں گے
وحدت نیوز(لاہور) وجود زن اللہ کی نعمتوں میں سے ایک عظیم نعمت ہے، اللہ نے عورت کو بے پناہ صلاحتیں دے کر کائنات میں خلق کیا۔ 8 مارچ کو عالمی یوم خواتین منایا جاتا ہے، مگر پاکستان میں اس دن کا غلط استعمال کیا جا رہا ہے۔ ان خیالات کا اظہارمجلس وحدت مسلمین پاکستان شعبہ خواتین مرکزی سیکریٹری جنرل اور رکن پنجاب اسمبلی سیدہ زہرا نقوی نے ’’عالمی یوم خواتین‘‘ کے حوالے سے اپنے خصوصی پیغام میں کیا۔
انہوں نے کہا کہ پروردگارعالم نے خاتون کو ایک مقام دے کر کائنات میں بھیجا اور پاکستان میں گزشتہ برس جو کیا گیا وہ تشویشناک تھا۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے لئے آئیڈل امہات المومنین ہیں، ہمارے لئے آئیڈل حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا ہیں۔
زہرا نقوی کا کہنا تھا کہ حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا ہر میدان میں نمایاں ہیں، وہ بہترین بیٹی، عظیم بیوی، شاندار ماں کے رتبے پر فائز ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عورت مارچ کے نام پر سڑکوں پر نکلنے والی عورتوں نے عجیب و غریب نعرے لگائے، مگر وہ یاد رکھیں اس سرزمین کو فاطمہ جناح نے آزاد کروایا، ہم کبھی بھی مغربی پروپیگنڈے کا شکار نہیں ہوں گی۔ ہم ہر میدان میں ہراول دستہ ہیں، سیاست ہو یا مذہب، تدریس ہو یا درس، پاک سرزمین کی مائیں، بیٹیاں سب سے آگے ہیں۔
سیدہ زہر نقوی کا کہنا تھا کہ پاکستانی خواتین اپنی عفت و حیا کا خیال رکھتے ہوئے آگے بڑھ رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم اس پروپیگنڈے کو ناکام بنا دیں گے جس میں خواتین کی تذلیل کی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم مغربی پروپیگنڈے کا شکار نہیں ہوں گے۔
وحدت نیوز(اسلا م آباد)مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے 13 رجب المرجب جشن ولادت باسعادت مولائے متقیان حضرت امام علی علیہ السلام کے پُرمسرت موقع پر عالم اسلام کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ وصی پیغمبر، جانشین رسول کریم (ص) حضرت علی علیہ اسلام کی حکمت و تدبر ہر دور کے رہنما اصول ہیں۔ ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ عالم اسلام کے باہمی تنازعات کا واحد حل فکر علوی میں مضمر ہے جسے اپنا کر منتشر مسلمان جسد واحد کی حیثیت اختیار کر سکتے ہیں، اقوام عالم میں باوقار مقام حاصل کرنے کے لئے جرات حیدر کرار (ع) کو شعار بنانا ہوگا، اہل بیت اطہار علیہم السلام کی ذوات مقدسہ دنیا و آخرت میں سرخروی کی ضمانت ہیں، اللہ رب العزت نے امت محمدی سے جس اجر رسالت کا تقاضہ کیا ہے وہ مودت فی القربی ہے، اہل بیت علیہم السلام کی خوشیوں میں خوش اور ایام غم میں غمگین ہونا ہی محب ہونے کی دلیل ہے۔
انہوں نے کہا اسلام دشمن طاقتوں نے امت مسلمہ سے محاذ آرائی کا انداز بدل لیا ہے، دور عصر میں افرادی قوت کو نقصان پہنچانے کی بجائے اسلام کی بنیادی تعلیمات اور عقیدوں پر حملے کئے جا رہے ہیں تاکہ مسلمانوں سے ان کا مضبوط ہتھیار ”ایمان“چھینا جا سکے، ثقافتی یلغار کے ہتھیار سے لادینیت کو فروغ دیا جا رہا ہے، خواتین کو تعلیم یافتہ اور باشعور بنانے کی بجائے باغی بننے کی ترغیب دی جا رہی ہے، اسلامی معاشرے میں ایسے کسی نظام کی قطعاََ گنجائش نہیں، یہود و نصاری کی ان سازشوں کا مقابلہ کرنے اور اسلام کے حقیقی نفاذ کے لئے امام علی علیہ السلام کے کردار کو مشعل راہ بنانا ہوگا۔ علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے کہا کہ 13 رجب کے پرمسرت موقعہ پر مجلس وحدت مسلمین کے تمام صوبائی و ضلعی دفاتر اور مرکزی سیکرٹریٹ میں چراغاں وتقریبات کا بھی انعقاد کیا جائے گا۔
شیعت نیوز: شہید ڈاکٹر محمد علی نقوی ؒ کی دختر ، مجلس وحدت مسلمین شعبہ خواتین کی مرکزی سیکریٹری جنرل اور رکن پنجاب اسمبلی سیدہ زہرا نقوی نے اپنے بابا کی 25ویں برسی کے موقع پر اپنے پیغام میں کہاکہ شھید ڈاکٹر محمد علی نقویؒ وہ عظیم شخصیت ہیں جو قوم کا درد دل میں سموئےہوئے تھے، جنھوں نے جوانوں کو ایک مرکز و محور دیا ، انھیں دین سے قریب لانے اور معاشرے کا مہذب اور فعال رکن بنانے کے لیے بےشمار جدوجہد کیں ان کے افکار کو زندہ رکھنا ہم سب کا فرض ہے ۔
سیدہ زہرانقوی نے مزید کہاکہ اس عظیم شہیدنے اپنی متحرک اور با مقصد زندگی میں وہ اساسی کام سر انجام دیے ہیں کہ جن کے مثبت نتائج آج تک دیکھائی دیتے ہیں، میں فخر کرتی ہوں کہ میں اس عظیم باپ کی بیٹی ہوں جنھوں نے پاکستان میں ملت تشیع کی نظریاتی اور فکری بنیادوں کو مضبوط کیا اور اسے نکھارا ۔ ان شاء اللہ ہم شھید کے حسینی مشن کو تا دم مرگ جاری و ساری رکھیں گے.
وحدت نیوز(اسلام آباد)مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ راجہ ناصرعباس جعفری نے کہا ہے کہ طاغوتی طاقتیں ہمیشہ ان شخصیات سے خائف رہی ہیں جودوسروں کو فکری طور پر بیدارکرنے اور فکر و شعور کی بلندی تک لے جانے کاہنر جانتی تھیں۔ہماری قوم نے ایسے عظیم رہنما پیدا کیے جن پر ہم جتنا بھی ناز کریں کم ہے۔ڈاکٹر محمد علی نقوی کا شمار انہی شخصیات میں ہوتا تھا۔
قائد وحدت علامہ ناصر عباس جعفری نے امامیہ سٹوڈنٹس آرگنائزیشن کے بانی ڈاکٹر محمد علی نقوی شہید کی 25ویں برسی کے موقع پر اپنے تعزیتی بیان میں کہا ڈاکٹر محمدعلی نقوی قوم کا حقیقی درد رکھنے والے ایک مخلص رہنما تھے جنہوں نے ساری زندگی اپنی قوم کی بے لوث خدمت کی۔ان کے افکار اور جدوجہد ہمارے لیے مشعل راہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ عالم استکبار و استعمار کے اسلام دشمن طرز عمل کے خلاف آپ نے ہمیشہ اپنی آواز بلند رکھی۔ وہ نظریات کے عملی اظہار کے لیے میدان عمل میں رہنے کو ترجیح دیتے۔آپ نے اپنے اقوال کو اپنے عمل سے ہمیشہ سچ کر کے دکھایا۔انہوں نے کہا کہ دور عصر میں ہمیں شہید نقوی کے نظریات، تحرک اور بصیرت سے رہنمائی لے کر باطل قوتوں کا مقابلہ کرنا ہو گا۔