The Latest
وحدت نیوز(کوئٹہ)مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی ترجمان علامہ مقصود علی ڈومکی نے سانحہ 10 جنوری علمدار روڈ کوئٹہ کے شہداء کی نویں برسی کی مناسبت سے منعقدہ تکریم شہداء کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ وطن عزیز پاکستان میں چار دھائیوں تک دھشت گردی کی آگ جلائی گئی۔ پاک فوج اور ریاستی اداروں نے آپریشن ضرب عضب اور آپریشن رد الفساد کے دوران لا تعداد قربانیاں دے کر دھشت گردی کے نیٹ ورک کو توڑا اس لئے ضروری ہے کہ دھشت گردوں کو دوبارہ منظم ہونے سے روکا جائے۔
انہوں نے کہا کہ دھشت گردوں کے خلاف آپریشن منظم اور مربوط انداز سے جاری رہنا چاہئے تاکہ وطن عزیز پاکستان کو امن کا گہوارہ بنایا جا سکے۔ دھشت گردی ملک و قوم کے لئے زہر قاتل ہے۔ کالعدم تنظیموں کے شرانگیزی اور فرقہ وارانہ منافرت پر مبنی جلسے نیشنل ایکشن پلان کی کھلی خلاف ورزی ہے۔ کالعدم تنظیموں کے نفرت انگیز جلسوں میں سیاسی شخصیات اور حکومتی وزراء کی شرکت المیہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ اسی ہزار شہداء کے ورثاء دھشت گردوں کو پھانسی کے پھندے پر دیکھنا چاہتے ہیں۔ دھشت گردوں کو اثاثہ سمجھنے والوں نے پہلے ہی ملک و قوم کا بہت نقصان کیا ہے۔ قصاص میں حیات ہے یہ قرآن کریم کا قانون ہے لہذا مجرموں کو نشان عبرت بنایا جائے۔اس موقع پر کانفرنس سے مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی رہنما علامہ سید ہاشم موسوی، سابق صوبائی وزیر آغا سید محمد رضا، صوبائی سیکرٹری جنرل علامہ برکت علی مطہری، علامہ ولایت حسین جعفری، ارباب لیاقت علی ہزارہ و دیگر نے خطاب کیا۔
وحدت نیوز(سکھر)مدافع عزا زینبیہ اسکاؤٹس کی جانب سے برسی شھید قاسم سلیمانی کی مناسبت سے محفل بیاد شھداء کا انعقاد کیا گیا جس میں مرکزی سیکرٹری تحفظ اعزاداری خواہر شبانہ میرانی نے خصوصی طور پر شرکت اور خطاب کیا۔ انہوں نے اپنے خطاب میں شہدائے مکتب اہل بیت (ع)کو خراج تحسین کیا اور کہا شہدائے مدافع حرم اہلبیت (ع) ہمارے لئے محترم ہیں ۔ ان شہداء کاتعلق پوری امت مسلمہ سے ہے ۔
وحدت نیوز (کراچی) مرکزی مجلس عزا بیاد شہدائے راہ حسینؑ و محافظان ولایت 15 جنوری کو منعقد ہوگی، جس میں سربراہ مجلس وحدت مسلمین علامہ راجہ ناصرعباس جعفری سمیت ملک کے جید علماءوذاکرین خطاب کریں گے۔مرکزی مجلس برسی کی دعوتی اور تشہری مہم تیزی سے جاری ہے ۔
تفصیلات کے مطابق مجلس وحدت مسلمین ، جعفریہ الائنس پاکستان، مجلس ذاکرین امامیہ کراچی،مرکزی تنظیم عزا، مرکزی تنظیم عزاداری ، امامیہ آرگنائزیشن کراچی کے زیر اہتمام مرکزی مجلس عزا بیاد شہدائے راہ حسینؑ و محافظان ولایت 15 جنوری کو مرکزی امام بارگاہ جعفرطیارسوسائٹی ملیر کراچی میں منعقد ہوگی ۔
مرکزی مجلس عزا میں خصوصی خطاب سربراہ ایم ڈبلیوایم علامہ راجہ ناصرعباس جعفری کریں گے جبکہ دیگر مقررین میں استاد العلماء علامہ سید رضی جعفر نقوی صاحب(صدرجعفریہ الائنس پاکستان)،علامہ نثار احمد قلندری صاحب(صدر مجلس ذاکرین امامیہ)اورذاکر اہل بیت ع نوید عاشق بی اے صاحب (آف لاہور)شامل ہیں۔
مرکزی مجلس عزا میں ملک کے نامور شعراء ، نوحہ خواں حضرات نذرانہ عقیدت پیش کریں گے جبکہ ماتمی سنگتیں نوحہ خوانی وسینہ زنی کریں گی۔خواتین کیلئےبھی باپردہ نشست کا اہتمام کیا گیا ہے ۔مرکزی مجلس عزا کی دعوتی مہم کے سلسلے میں شہر قائد کی قومی ، سیاسی وسماجی شخصیات کو دعوت دینے کا سلسلہ تیزی سے جاری ہے ۔
وحدت نیوز(ملتان)مجلس وحدت مسلمین ضلع ملتان کے زیراہتمام شہیدہ مدافعہ ولایت و شہدائے مدافعین حرم کی یاد میں مجلس تکریم شہداء کا انعقاد امام بارگاہ ابوالفضل العباس چوک کمہارانوالہ میں کیا گیا، مجلس عزاء سے معروف عالم دین علامہ قاضی شبیر حسین علوی، ذاکر سید الیاس شاہ، ذاکر عرفان عباس قیامت، علامہ وسیم عباس معصومی اور ذاکر صابر بلوچ نے خطاب کیا۔
علامہ قاضی شبیر علوی نے مدافعہ امامت و ولایت، صدیقہ الکبریٰ بنت رسول حضرت فاطمہ زہراء کی سیرت اور تعلیمات پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ بنت رسول پاک تمام عالم اسلام کی عورتوں کے لیے راہ ہدایت ہیں، عورتوں کی زندگی کے ہر پہلو میں جناب سیدہ کونین کی زندگی مشعل راہ ہے۔ جنت کی عورتوں کی سردار بی بی اپنے رحمت اللعالمین بابا کے لیے رحمت، اپنے شوہر کل ایمان حضرت علی المرضی کے لیے ایمان اور اپنے جنت کے سردار بیٹوں حسنین شریفین کے لیے جنت اپنے پاوں میں لے کر آئی۔
انہوں نے کہا کہ کائنات کی عورتوں کی سردار بی بی کی تعلیمات پر عمل کرکے ہی دنیا و آخرت میں کامیابی حاصل کی جاسکتی ہے۔ اُنہوں نے شہدائے مدافعین حرم کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ شہید قاسم سلیمانی اور اُن کے رفقاء آج بھی دشمن کے لیے للکار ہیں، جن شہداء نے حرمہائے مقدسہ کی حفاظت کیلئے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا ہے، اُنہیں سلام پیش کرتے ہیں۔ مجلس عزاء میں علامہ قاضی نادر حسین علوی پرنسپل جامع شہید مطہری، انجینئر سخاوت علی، ملک عمران سمیت دیگر رہنماء موجود تھے۔
وحدت نیوز(بھکر)مجلس وحدت مسلمین ضلع بھکر کے زیراہتمام شہدائے مدافعین حرم بالخصوص شہید قاسم سلیمانی، شہید ابو مہدی مہندس اور اُن کے دیگر رفقاء کی دوسری برسی کی مناسبت سے ٹبہ حبیب شاہ کوٹلہ جام میں مجلس تکریم شہداء کا انعقاد کیا گیا، اس موقع پر شہداء کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے گلشن شہداء کو خوبصورت انداز میں بنایا گیا، تکریم شہداء کی مجلس سے ایم ڈبلیو ایم جنوبی پنجاب کے صوبائی سیکرٹری جنرل علامہ سید اقتدار حسین نقوی نے خصوصی خطاب کیا، دیگر شہداء کے ساتھ ساتھ پاکستان سے تعلق رکھنے والے مدافعین حرم کی یاد تازہ کی گئی۔
علامہ اقتدار حسین نقوی نے خطاب کرتے ہوئے شہدائے مدافعین حرم کی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کیا۔ اُنہوں نے کہا کہ ایک طرف پورا استعمار تھا تو دوسری جانب چند مٹھی بھر جوان تھے، جن کی قیادت شہید قاسم سلیمانی جیسے نڈر سپہ سالار کر رہے تھے، ہمیں فخر ہے کہ ہمارے مکتب کے سپہ سالاروں میں محسن حجیجی اور شہید قاسم سلیمانی جیسے عظیم کمانڈر تھے۔ اُنہوں نے کہا کہ دشمن کے ارادوں اور منصوبوں کو لمحوں میں نیست و نابود کرنے والی شخصیت کا نام قاسم سلیمانی ہے، وہ حقیقی معنوں میں رہبر معظم کے مالک اشتر تھے۔ مجلس کے اختتام پر نوحہ خوانی و ماتمداری کی گئی۔
وحدت نیوز(مری)سربراہ مجلس وحدت مسلمین پاکستان علامہ راجہ ناصرعباس کی ہدایت پر وحدت یوتھ پاکستان کی جانب سے مری میں امدادی سرگرمیاں جاری ہیںعلامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے رضا کاروں کو ہدایت دی کہ سیاحوں کے بحفاظت مری سے انخلاء کیلئے کارکنان انتظامیہ اور ریسکیو اداروں کی معاونت کریں۔سربراہ مجلس وحدت مسلمین علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کے حکم پر کارکنان برف میں پھنسے ہوئے شہریوں کی امداد کیلئے مری پہنچ گئے ہیں۔
سیکرٹری امور جوانان علامہ اعجاز بہشتی کے مطابق وحدت یوتھ پاکستان کے جوان مری میں پھنسے ہوئے سیاحوں کیلئے گرم بستر، خوراک اور پانی مہیا کر رہے ہیں.سیکرٹری جنرل اسلام آباد ظہیر نقوی کے مطابق امدادی سرگرمیوں میں حصّہ لینے والے وحدت یوتھ کے دستے راولپنڈی، اسلام آباد اور مری کے ڈسٹرکٹ یوتھ کارکنان پر مشتمل ہیں۔انہوں نے کہا کہ اس کٹھن گھڑی میں شہریوں کی ہر ممکن امداد کو یقینی بنایا جائے گا۔
وحدت نیوز(اسلام آباد)مجلس وحدت مسلمین شعبہ تربیت کے زیر اہتمام بلتستان سے آئے ہوئے تنظیمی برادران اور پنڈی اسلام آباد کے مختلف تعلیمی اداروں میں زیر تعلیم طلاب کے نمائندہ وفد کےلئے تربیتی نشست کا اہتمام مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکریٹریٹ اسلام آباد میں کیا گیا۔
نشست سے حجت الاسلام و المسلمین شیخ اکبر علی رجائی رکن گلگت بلتستان اسمبلی، صوبائی رہنما الحاج محمدعلی، مرکزی معاون سیکریٹری تنظیم سازی برادر عارف حسین الجانی، مرکزی معاون سیکریٹری امورتربیت شیخ محمدجان حیدری، مرکزی کوآرڈینیٹرشعبہ تربیت مولانا ظہیر الحسن کربلائی نے اظہار خیال کیا۔نشست میں تعلیمی تربیتی حوالےسے مختلف مباحث زیر غور آئے۔
وحدت نیوز(اسلام آباد)مجلس وحدت مسلمین کے سیکریٹری جنرل سید ظہیر عباس نقوی نے پنجاب کے تفریح مقام مری میں گذشتہ روز کے دلسوز سانحے پر دلی دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے جس میں شدید برفباری کے نتیجے میں سیاحوں کی پھنسی گاڑیوں میں سخت سردی کی تاب نہ لا کر درجنوں افراد معصوم بچوں سمیت جان کی بازی ہار گئے۔سید ظہیر عباس نقوی نے اپنے تعزیتی بیان میں ایک ہی خاندان کے آٹھ سے زائد افراد سمیت 23 افراد کے جاں بحق ہونے پر ان کے لواحقین سے دلی افسوس اور تعزیت کا اظہار کیا۔ضلعی سیکریٹری جنرل نے حکومت سے امدادی کاروائیاں تیز تر کرنے کا مطالبہ کیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ انسانی جانوں کا تحفظ بنیادی ذمہ داری ہے جس کے لئے ٹھوس اقدمات کرنا انتظامیہ اور حکومت کی ذمہ داری ہے۔انہوں نے متاثرہ خاندانوں سے تعزیت و ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے جاں بحق افراد کے لئے دعائے مغفرت بھی کی اور حکومت سے پر زور مطالبہ کیا کہ تفریحی مقامات کے دلفریب ٹوئٹ کرنے کی بجائے لوگوئ کی زندگیوں کی حفاظت کے بروقت اور ٹھوس اقدامات کیئے جائیں۔
وحدت نیوز(اسلام آباد) سنٹرل سیکریٹریٹ مجلس وحدت مسلمین پاکستان میں مرکزی شعبہ خواتین کی ایک میٹنگ منعقد ہوئی جس کی صدارت محترمہ نرگس سجاد مرکزی سیکریٹری سیاسیات وتربیت شعبہ خواتین پاکستان نے کی ۔ ان کا کہنا تھا کہ ہر میدان میں انسان ،بغیر پلاننگ اور تیاری کے بے بس ہوجاتا ہے ۔
مری سانحہ پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اب وقت ایک دوسرے کو مورد الزام ٹھہرانے کا نہیں بلکہ متاثرہ خاندانوں سے اظہارہمدردی اور ان کے یتیموں کی کفالت کااور آگے کی منظم پلاننگ کرنے کا ہے کہ خدا نخواستہ اس جیسے سانحات کا تکرار نہ ہو ۔محکمہ موسمیاتکے موسمی حالات اور سفارشات پر قبل از وقت عمل کر لیا جاتا تو اس سانحہ سے بچا جاسکتا تھا ۔ جو لوگ اس سانحہ میں اللہ کو پیارے ہوگئے ہیں اللہ تعالیٰ ان کی مغفرت فرمائے ۔ اور جو لوگ ابھی تک اس علاقے میں محصور ہیں ان کی ہر ممکن مدد کی جائے ۔ جہاں تک ممکن ہوا ہم بھی اپنے قائد وحدت کے فرمان پر بردران کے شانہ بشانہ ہر ممکن تعاون کے لئے تیار ہیں ۔
وحدت یوتھ مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے برادران اس وقت مری میں آفت زدہ علاقے میں انتظامیہ کے ساتھ ملکر متاثرہ خاندانوں کی مدد کرنے میں مشغول ہیں ۔ میٹنگ میں محترمہ نرگس سجاد کے علاوہ محترمہ بینا شاہ مرکزی مسئول آفس ، محترمہ صدیقہ کائنات صاحبہ ضلعی سیکریٹری جنرل ضلع اسلام آباد اور محترمہ شاداب تغزل صاحبہ مرکزی معاون سیکریٹری تربیت شعبہ خواتین صاحبہ موجود تھیں ۔
وحدت نیوز(مظفرآباد) ریاست آزادجموں کشمیرکے علاقے عباس پورہ ضلع پونچھ میں جو لرزہ خیز واردات ہوئی تھی اس میںعلاقے کی معروف اور سماجی شخصیت مکتب اہبیت ؑ سے تعلق رکھنے والےسید عزیز شاہ کو دہشت گردوں نے شہید کردیا تھا ۔ اور ان کے بھائی کو زخمی کردیا تھا ۔ اس کے بعد ریاست آزاد جموں کشمیر کے صوبائی رہنما انجیئر ممتاز اپنے وفد ہمراہ شہید گھر پہنچے ۔ جنہوں نے شہید وارثوں سے اظہار ہمدردی کی اور تعزیت وتسلیت پیش کی ۔
مجلس وحدت مسلمین شعبہ خواتین کی مرکزی سیکریٹری سیاسیات وتربیت شعبہ خواتین محترمہ نرگس سجاد صاحبہ نےعباس پورہ ضلع پونچھ ریاست آزاد جموں کشمیر میں متاثرہ خاندان سے اظہار ہمدردی اور شہید کی بیوہ کی حوصلہ افزائی اور اس کی جرات کو سلام پیش کرنے کے لئے اپنے وفد کے ہمراہ شہید عزیز شاہ کے گھر پہنچیں اور شہید کی مغفرت اور انکے زخمی بھائی کی صحت کاملہ کے لئےدعا کی اور مرکزی سیکریٹری جنرل شعبہ خواتین ایم پی اے سیدہ زہراء نقوی کی جانب سے شہید کی بیوہ کے حوصلے، ہمت اور جرات کو سلام پیش کیا۔
متاثرہ خاندان کے بزرگان اور خواتین نے سیدہ زہراء نقوی اور محترمہ نرگس سجاد کا شکریہ ادا کیا ۔تحصیل عباس پورہ ضلع پونچھ ریاست آزاد کشمیر میں دہشت گرد عزیز شاہ شہید سے ملاقات کے بہانے ان کے گھر آئے ۔عزیز شاہ شہید کے بچوں نے ان دہشت گردوں کو مہمان سمجھ کر پانی اورچائےپلائی اور مہمان کے طور پر خاظر تواضع کی ۔بچوں نے عزیز شاہ کو بتایا کہ مہمان ملنے آئے ہیں ۔اتنے میں عزیز شاہ شہیدجیسے ہی مہمانوں کے روپ میں چھپے دہشت گردوں سے ملنے کے لئے کمرے میں داخل ہوئے ان دہشت گردوں نے عزیز شاہ پر فائرنگ کردی ۔ عزیز شاہ شہید موقع پر ہی شہید ہو گئے ۔ انا للہ وانا الیہ راجعون ۔
عزیز شاہ کے بھائی فائرنگ کی آواز سن کر کمرہ کی جانب دوڑے تو دہشت گردوں نے ان پر بھی فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں عزیز شاہ کے بھائے شدید زخمی ہوگئے ۔ جنہیں ضروری طبی امدا کے لئے عباس پورہ ہسپتال شفت کردیا گیا ۔ شہید عزیز شاہ کی بیوہ نے جرات کا مظاہرہ کرتے ہوئے دہشت گردوں کے منہ پر اور آنکھوں میں لال مرچیں پھینک دیں جس دہشت گردوں کو کچھ دکھائی نہ دیا اور زمین پر کروٹیں لینے لگے ۔ شہید کی اہلیہ نے فورا کمرے کا دروازہ بند کردیا اور آس پاس کے لوگوں کو بلا لیا ۔ مقامی لوگوں نے دہشت گردوں کو پکڑ کر پولیس کے حوالے کردیا ۔