وحدت نیوز (بیروت) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل و سربراہ امور خارجہ ڈاکٹر علامہ سید شفقت حسین شیرازی نے اتحاد علماء مقاومت کے زیر اہتمام ہونے والی فلسطین کانفرنس میں شرکت کی اور کانفرنس کے شرکاء سے خطاب کیا۔ 28، 29 جولائی کو ہونے والی اس کانفرنس میں ایشیاء ، افریقہ اور یورپ سمیت 55 ممالک کے سنی شیعہ علماء نے شرکت کی۔ پاکستان سے مجلس وحدت مسلمین پاکستان کی نمائندگی ڈاکٹر سید شفقت شیرازی نے کی ان کے علاوہ سنی اتحاد کونسل کے سربراہ صاحبزادہ حامد رضا، جامعہ نعیمیہ کے پرنسپل علامہ ڈاکٹر راغب نعیمی ، جماعت اسلامی کے سابق ممبر پارلیمنٹ جناب مظفر احمد ہاشمی اور فلسطین فاؤنڈیشن کے جنرل سیکرٹری برادر صابر کربلائی نے شرکت کی۔
کانفرس کی افتتاحی تقریب سے اتحاد علماء مقاومت کے رئیس علامہ مفتی شیخ ماہر حمود، مجمع تقریب بین المذاہب اسلامیہ کے سیکرٹری جنرل آیت اللہ شیخ محسن الاراکی اور حزب اللہ کے سربراہ علامہ سید حسن نصراللہ نے خطاب کیا۔ علاوہ ازیں ڈاکٹر سید شفقت شیرازی نے "صیہونی ایجنڈے کی تکمیل میں فتنہ تکفیریت کا کردار" کے موضوع پر مکالمہ پیشن کیا ۔ جس کا اردو ترجمہ بعد میں نشر کیا جائے گا۔