وحدت نیوز(اسلام آباد) نواز حکومت نے ریاستی بربریت اور ظلم کی انتہا کردی ، جعلی حکومت کی بقاء کی خاطر ریاستی طاقت کا بے دریغ استعمال کیا جا رہاہے،ہم نے کہا تھا کہ ہم پر امن انداز میں پارلیمنٹ سے پی ایم ہاوس تک جائیں گے ، پولیس نے تشدد میں پہل کی ، ہمارے حوصلے بلند ہیں ، منزل تک پہنچے بغیر گھر نہیں لوٹیں گے،ایک مہینے کی طویل جدوجہد کا ثمر حاصل ہونے کو ہے، نہتی خواتین اور بچوں پر فاسفورس گیس کا استعمال عالمی قوانین کی کھلی خلاف روزی ہے، ان خیالات کا اظہار مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے سربراہ علامہ ناصر عباس جعفری نے انقلاب مارچ کے دوران ڈاکٹر طاہر القادری سے ملاقات کے بعدپاک سیکریٹریٹ کے سامنےمیڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کیااس موقع پر سید ناصر شیرازی ، علامہ احمد اقبال اور علامہ عبد الخالق اسدی بھی موجود تھے۔
ان کاکہنا تھا کہ ہمارااحتجاج روز اول سے پر امن تھااور ہے، ماڈل ٹاون سے آب پارہ اور آب پارہ سے پارلیمنٹ ہاوس تک ایک پتہ نہیں ٹوٹا، قائدین نے واضح طور پر کہا تھا کہ ہم پر امن انداز میں پارلیمنٹ سے پی ایم ہاوس تک جائیں گے ، پولیس نے تشدد میں پہل کی ،آنسوگیس کا بے دریغ استعمال کیا گیا، عالمی قوانین کی پامالی کرتے ہوئے ، شیر خوار بچوں پر فاسفورس گیس کے گولے برسائے گئے، ڈاکٹر طاہر القادری کے مطابق تیرا افراد ریاستی دہشت گردی کی بدولت شہید ہو چکے ہیں ، جن کی لاشیں غائب کر دی گئیں ہیں ، جب کہ ایک ہزار سے زائد کارکنان زخمی ہوئے ہیں ، نواز شریف انتظامیہ نے جمہوری دور میں آمرانہ رویہ اختیار کیا، جس ریاستی بربریت کا مظاہرہ کیا گیا اس کی مثال تاریخ میں نہیں ملتی،۔ انہوں نے واضح کیا کہ مجلس وحدت مسلمین کرپٹ نظام کے خاتمے کی اس مہم میں ڈاکٹر طاہر القادری کے شانہ بشانہ ہیں اور اپنے خون کے آخری قطرے تک میدان میں حاضر رہیں گے۔