وحدت نیوز(اسلام آباد) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکریٹری اطلاعات سید مہدی عابدی نے شاہراہ دستور پر انقلاب مارچ کی کوریج پر معمور صحافیوں پر پولیس کے بہیمانہ تشدد کی پر زور الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ صحافیوں پر پولیس ا ہلکاروں کا وحشیانہ تشدد نواز حکومت کے آمرانہ رویہ کا عکاس ہے، ڈی ایس این جی میں گھس کر صحافیوں کو باہر گھسیٹا گیااور اس کے بعد اسے دسیوں پولیس اہلکاروں نے فٹبال بنا کر مارا ،کیمرے بھی توڑ ڈالے گئے، پولیس نے ایم ڈبلیوایم میڈیا سیل کے کیمرے مین پر بھی شدید تشدد کیااور اس کا کیمرہ توڑ ڈالا، اس ساری کاروائی سے حکومت کی آزادی صحافت کے تمام دعوے جھوٹے ثابت ہو گئے۔ گذشتہ ۳ ہفتے سے مسلسل نجی ٹی وی چینلز غیر جانبدار کوریج میں مصروف ہیں ، جو قوم کو سچ اور صداقت پیغام پہنچانے کا فریضہ انجام دے رہے ہیں ، نواز حکومت اپنے جرائم پر پردہ ڈالنے کے لئے اس طرح کے اوچھے ہتھکنڈے استعمال کر رہی ہے۔
انہوں نے اعلیٰ عدلیہ سے مطالبہ کیاشاہراہ دستور پر نجی ٹی وی چینلز کی گاڑیوں ،کیمروں اور رپورٹرز پر پولیس کے بہیمانہ تشدد کی فوری تحقیقات کر وائی جائیں ، واقعے میں ملوث پولیس اہلکاروں کو فوری طور پر بر طرف کرکے، ان کے خلاف سخت قانونی کاروائی عمل میں لائی جائے، انہوں نے اپنے بیان میں ان تمام صحافیوں ، کیمرامین اور رپورٹرز کی فوری صحت یابی کی دعا بھی کی جو شاہراہ دستور پر پولیس تشدد سے زخمی ہوئے ہیں ۔