وحدت نیوز (اسلام آباد) مجلس وحدت مسلمین کے اراکین گلگت بلتستان اسمبلی ڈاکٹر حاجی رضوان علی اور کاچو امتیازحیدر خان نے ایم ڈبلیو ایم کے مرکزی سیکریٹریٹ میں ایم ڈبلیوایم کےمرکزی رہنما علامہ اعجاز بہشتی سے ملاقات کی ۔ ملاقات میں گلگت بلتستان کی سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال ہوا۔ اراکین نے کہا کہ گلگت بلتستان کے عوام نے ڈوگرہ راج سے آزادی چھین کر پاکستان کے ساتھ الحاق کیا تھا۔ جو طاقتیں گلگت اور بلتستان میں تفریق پیدا کرنے کی کوششوں میں مصروف ہیں وہ ملک دشمن عناصر کے ایجنڈے پر عمل پیرا ہیں۔کسی بھی ایک کوشش کو قطعی کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گاجو جی بی کی وحدت پر اثر انداز ہوتی ہو۔گلگت بلتستان کے آئینی حقوق کے حصول کے لیے تمام تر توانائیاں صرف کی جائیں گی۔مجلس وحدت مسلمین جی بی کے عوام کے حقوق کی جنگ لڑ رہی ہے۔ہم عوام کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں اور کسی بھی ایسے فیصلے کی تائید کرنے کے لیے قطعاََ تیار نہیں جو عوامی خواہشات اور خطے کے مفادات کے برعکس ہو۔علامہ بہشتی نے اراکین اسمبلی کے اقدامات کو سراہا اور امید ظاہر کی کہ مجلس وحدت مسلمین کی مقبولیت ا ور عوامی رابطوں کو موثر بنانے میں ایم ڈبلیو ایم کے اراکین اسمبلی بھرپور کردار ادا کرتے رہیں گے۔اس موقعہ پر ڈپٹی مسؤل مرکزی آفس ارشاد حسین بنگش بھی موجود تھے۔