وحدت نیوز(چھلگری) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکریٹری جنرل علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے گذشتہ روز سانحہ چھلگری کے حوالے سے بلوچستان کی حکمران جماعت کے سربراہ ڈاکڑ عبدالحئی بلوچ سے ملاقات کی اور شکوہ کیا کہ آپکی پارٹی کا وزیر اعلی ابھی تک متاثرین کی داد رسی کے لئے نہیں آیا، انہوں نے سانحہ میں ملوث افراد کی فوری گرفتاری اور بلوچستان میں دہشتگردوں کے خلاف سخت آپریشن کرنے کا بھی مطالبہ کیا۔
اطلاعات کے مطابق علامہ راجہ ناصر عباس نے گذشتہ روز بولان میں 8 محرم الحرام کو چھلگری کے مقام پر ہونے والے سانحہ کے مقام کا دورہ کیا اور متاثرین و شہداء کے خانوادہ سے ملاقات کی، اس دوران علامہ مقصود ڈومکی،ایم پی اے بلوچستان اسمبلی آغا رضا و دیگر بھی انکے ہمراہ تھے، اس موقع پر انہو ں نے حکمران جماعت کے سربراہ عبدالحیی بلوچ سے بھی ملاقات کی اور تحفظات کا اظہار کیا۔
علامہ راجہ ناصر عباس کی جانب سے سینٹر ڈاکڑ عبدالحیی سے ملاقات میں احتجاج کے بعد آج وزیر اعلیٰ بلوچستان مجلس وحدت مسلمین کے ایم پی اے آغا رضا کے ہمرا ہ متاثرہ جگہ کا دورہ کررہے ہیں اور شہداء و زخمیوں سے ملاقات بھی کریں گے۔