وحدت نیوز(اسلام آباد) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل علامہ احمد اقبال نے کہا ہے کہ شیعہ سنی وحدت ہی ملکی استحکام اور سا لمیت کی ضامن ہے ۔یہ دونوں پاکستان کی وہ پُرامن طاقتیں ہیں جنہوں نے ہمیشہ پاکستان کی سربلندی اور تحفظ کے لیے اپنی جانوں کے نذرانے پیش کیے۔جو قوتیں قیامِ پاکستان سے قبل ارض پاک کی مخالف تھیں آج انہی کے نظریات کو بنیاد بنا کرملک کو غیر مستحکم کرنے کی سازش کی جا رہی ہے۔علامہ عارف حسین الحسینی کی برسی کی مناسبت سے مرکزی اور صوبائی زمہ داران کا اجلاس وحدت ہاوس میں منعقد ہوا۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے علامہ احمد اقبال کا کہنا تھا کہ دہشت گرد عناصر کی فکری تربیت کے ادارے ملک دشمن سرگرمیوں میں مصروف ہیں۔ شیعہ سنی اتحاد و یگانگت کے ہتھیار سے انہیں شکست دینا ہو گی۔ شہید قائد عارف حسین الحسینی ملک میں شیعہ سنی اخوت کے داعی تھے۔ انہوں نے ہمیشہ اس بات پر زور دیا ہے کہ ہمارے عقیدے اور نسلوں کی بقا ہمارے وطن عزیز کی سلامتی سے مشروط ہے اورہم نے اپنے آپ کو اس کے دفاع کے لیے وقف کرنا ہے۔ انہیں صیہونی و نصرانی طاقتوں نے اپنے گماشتوں کے ذریعے اپنے مفادات کی تکمیل کے لیے شہید کروا دیا۔ آج وہی یہود و نصاری پاکستان میں طالبانی و داعشی قوتوں کی سرپرستی کر رہے ہیں تا کہ ملک میں بد امنی پھیلا کر اپنے مذموم مقاصد کو پروان چڑھا سکیں۔ ہم نے شہید حسینی کی تعلیمات کو مشعل راہ بنا کر ان عناصر کوناکام بنانا ہے۔ شہید قائد کو ہم سے جدا ہوئے 28 سال گزر گئے ہیں۔ اس سلسلے میں گزشتہ کئی برسوں سے وفاقی دارالحکومت میں قائد شہید کی برسی نہایت عقیدت و احترام سے منائی جاتی ہے۔ مجلس وحدت مسلمین کی طرف سے اس برسی کی تیاریاں حتمی مراحل میں داخل ہو چکی ہیں۔سات اگست کو اس برسی کے جلسہ میں شرکت کرنے کے لیے ملک بھر سے شیعہ سنی علما کرام کی بڑی تعداد کے علاوہ ایک لاکھ سے زائد افرادکی آمد متوقع ہے،تحفظ پاکستان کانفرنس ، شہید قائدعارف حسینی ؑ سے ملت پاکستان کے عشق کامظہرثابت ہوگی، پاکستان کے تمام چھوٹے بڑے شہروں سے قافلوں کی آمد کا سلسلہ برسی سے ایک دن قبل شروع ہو جائے گا۔ اسلام آباد انتظامیہ کو اس کی باقاعدہ اطلاع دی جا چکی ہے تاکہ وفاقی پولیس کی جانب سے سیکورٹی کے فول پروف انتظامات کو یقینی بنایا جائے۔