وحدت نیوز (اسلام آباد) مجلس وحدت مسلمین کے سربراہ علامہ ناصر عباس جعفری نے کہا ہے کہ نواز شریف نے گلگت بلتستان میں ترقیاتی پیکچ کا اعلان کرکے انتخابات سے قبل دھاندلی کی بنیاد رکھ دی ہے، ایم ڈبلیو ایم کے سیکرٹری جنرل کا وزیراعظم نواز شریف کی طرف سے گلگت بلتستان کیلئے اعلان کیے گئے 47 ارب روپے کے ترقیاتی پیکچ پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہنا تھا کہ میاں صاحب کو جے بی کے عوام الیکشن کے دنوں میں ہی کیوں یاد آئے؟، گلگت بلتستان کے عوام جانتے ہیں کہ میاں صاحب ان سے کتنے مخلص ہیں۔ علامہ ناصر عباس جعفری کا کہنا تھا کہ انتخاب سے قبل دھاندلی کا پلان اسی دن بن گیا تھا جب نواز شریف نے اپنی ہی کابینہ سے گورنر بنا دیا تھا۔ سپریم کورٹ انتخابات سے قبل ترقیاتی پیکچ کے اعلان پر ازخود نوٹس لے اور تمام سیاسی جماعتیں بھی حکمران جماعت کے اس عمل کی مذمت کریں۔ گلگت بلتستان میں انتخابات میں پیپلزپارٹی اور نون لیگ کی شکست فاش یقینی ہے، گلگت بلتستان الیکشن ثابت کریگا کہ دونوں جماعتوں کی عوام میں کتنی ساکھ ہے۔