وحدت نیوز(اسلام آباد) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی رہنما نثارعلی فیضی نے کہا کہ نواز حکومت حواریوں کے ساتھ مل کر اپنی بادشاہت کو بچانے کے لیے پورا زور لگا رہی ہے لیکن وہ مظلوموں کے صبر و استقامت کے سامنے زیادہ دیر نہیں ٹھہر سکتے ،سانحہ ماڈل ٹاﺅن کے شہداءکا لہو انکی آمرانہ حکومت کی کشتی کو ڈبو کر ہی رہیگا دھرنے کے شرکاءشہداءکے خون کے امین ہیں اور اسوقت تک پیچھے نہیں ہٹیں گے جب تک نواز شریف کی خاندانی بادشاہت کی بساط لپیٹ نہ لیں، ان خیالات کا اظہار انہوں نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔
نثار علی فیضی نے کہا کہ مجلس وحدت مسلمین اور دیگر تمام اتحادی جماعتوں کا اس بات پر اتفاق ہے کہ سانحہ ماڈل ٹاﺅن کے شہداءکے ورثاءکو اسوقت ہی انصاف مل سکتا ہے جب نواز اور شہباز شریف مستعفی ہو کر قانون کے کٹہرے میں کھڑے ہونگے،بھڑکیں مارنے، جذباتی بیانات اور پیڈ ریلیوں سے حکمران اب اپنے جعلی اقتدار کو نہیں بچا سکتے اور انہیں ہر صورت میں جانا ہی ہو گا ۔مجلس وحدت مسلمین نے روز اول سے ہرمظلوم کا ساتھ دیا اور ہر ظالم کے خلاف آواز بلند کی اور آج بھی اسی بات پر عمل پیرا ہے۔انہوں نے کہا کہ سانحہ ماڈل ٹاﺅن پاکستانی تاریخ کا بد ترین واقعہ ہے جس میں ظالم اور کرپٹ حکمرانوں نے اپنے اقتدار کی خاطر چودہ افراد کو شہید اور درجنوں کو زخمی کر ا دیا اور آ ج تک ایف آئی آر بھی درج نہیں ہونے دے رہے جو کہ انسانی حقوق کی کھلی خلاف ورزی ہے اور جب مظلوم کو اس کا حق نہ ملے تو وہ انصاف کے لیے باہر نہ نکلے تو اور کیا کرے۔