وحدت نیوز (پشاور) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل علامہ محمد امین شہیدی نے خیبر پختونخوا میں امن و امان کی صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ دہشتگردوں کو بھرپور ریاستی طاقت سے کچلے بغیر امن قائم نہیں ہوسکتا، دہشتگردی کے ناسور سے وطن عزیز کو نجات دلانے کیلئے وفاقی اور تمام صوبائی حکومتوں کو اپنی ذمہ داریاں پوری کرنا ہوں گی۔ وحدت میڈیا سیل خیبر پختونخوا سے جاری پریس ریلیز کے مطابق انہوں نے کہا کہ ملک کے دیگر صوبوں کی طرح خیبر پختونخوا میں بھی امن و امان کی صورتحال ابتر ہے، دہشتگردوں کیخلاف آپریشن کو ملک کے دیگر حصوں تک وسعت دینے کی ضرورت ہے، مصلحتوں سے بالاتر ہوکر دہشتگردوں کو انسانیت اور ملک دشمن کے طور پر دیکھناہوگا، انہوں نے مزید کہا کہ قومی ایکشن پلان پر اب تک اس کی روح کے مطابق عمل نہیں ہورہا، جوکہ قوم کیلئے باعث تشویش ہے، انہوں نے پشاور میں جاری ٹارگٹ کلنگ پر بھی تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پشاور میں ٹارگٹ کلنگ کو روکنا حکومت کی ذمہ داری ہے، ریاست کا فرض ہے کہ وہ عوام کو جان و مال کا تحفظ فراہم کرے، ٹارگٹ کلنگ کے سلسلے کو روکنے کیلئے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کئے جائیں، اورپشاور سمیت خیبر پختونخوا میں بھی دہشتگردوں کیخلاف فوری طور پر آپریشن کیا جائے۔علاوہ ازیں علامہ محمد امین شہیدی نے شیعہ علماء کونسل خیبر پختونخوا کے صدر علامہ محمد رمضان توقیر کے والد گرامی حاجی غلام حیدر کے انتقال پر افسوس کا اظہار کیا۔