وحدت نیوز(کراچی) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی ڈپٹی سیکریٹری جنرل علامہ سید حسن ظفر نقوی نے کہا ہے کہ عظمت ولایت کانفرنس میں وطن عزیز کے با وفا بیٹوں اور دہشت گردی کا شکار شہداء کے خانوادوں نے بہت بڑی تعداد میں شرکت کرکے طالبان سے مذاکرات کے خلاف فیصلہ سنا دیا، ریاست کے ذمہ داران اپنی بزدلی کو حکمت کا نام دے کر شہداء کے خون سے غداری کے مرتکب ہورہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے عظمت ولایت کانفرنس کی عظیم الشان کامیابی کے بعد کراچی ڈویژن کے عہدیداران سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ علامہ سید حسن ظفر نقوی کا کہنا تھا کہ آج بانیان پاکستان کی اولادیں میدان عمل میں وارد ہوچکی ہیں اور انشاء اللہ کسی کو بھی ملکی سالمیت کا سودا نہیں کرنے دیں گے، اگر ریاست کے ذمہ داران یہ سمجھتے ہیں کہ وہ پاکستان کے عوام کی امیدوں کے برخلاف فیصلہ کریں گے توانہیں جان لینا چاہیئے کہ محب وطن عوام وطن کا دفاع کرنے کیلئے دہشت گردوں سے مذاکرات کرنے والی جماعتوں کو شدید عوامی مزاحمت کا سامنا کرنا پڑے گا۔
انہوں نے عظیم الشان عظمت ولایت کانفرنس کے انعقاد اور اسے کامیاب بنانے میں اپنا بھر پور کردار ادا کر نے پر تمام قومی و ملی تنظیموں ، اداروں ، شخصیات کا شکریہ ادا کیا خصوصاً امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن ، امامیہ اسکاؤٹس ، پیام ولایت فاؤنڈیشن ، شہید فاؤنڈیشن ، اصغریہ آرگنائزیشن ، ہیت آئمہ مساجد وعلماء امامیہ پاکستان ، مجلس ذاکرین امامیہ، مرکز ی تنظیم عزاء ، سندھ حکومت ، پولیس انتظامیہ ، رینجرز انتظامیہ اور دیگر تمام اداروں کا بھر پور شکریہ ادا کر تے ہو ئے ان تمام اداروں کی کامیابی کی دعا کی ۔