وحدت نیوز(لاہور) پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ علامہ ڈاکٹر طاہر القادری نے مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے سربراہ علامہ ناصر عباس جعفری کو کل منہاج سیکریٹریٹ میں منعقدہ حکومت مخالف اتحادی جماعتوں کے مشاورتی اجلاس میں شرکت کی باضابطہ دعوت دے دی ہے، ایم ڈبلیوایم کے مرکزی سیکریٹری اطلاعات مہدی عابدی نے وحدت نیوز سے گفتگو کر تے ہوئے کہا کہ ڈاکٹر طاہر القادری نے علامہ ناصر عباس جعفری کو کل لاہور میں ہو نے والے مشاورتی اجلاس میں شرکت کی دعوت دی ہے، ڈاکٹر طاہر القادری کا علامہ ناصر عباس جعفری سےٹیلیفونک گفتگو میں کہنا تھا کہ پاکستان کو درپیش مسائل کے حل اور ملک دشمن قوتوں کے مقابلے میں وطن دوست قوتوں کا مجتمع ہو نا نا گزیر ہو چکا ہے، اس حوالے سے کل منہاج سیکریٹریٹ میں حکومت مخالف اتحادی جماعتوں کا مشترکہ مشاورتی اجلاس منعقد کیا جا رہا ہے جس میں مجلس وحدت مسلمین کو بھی شرکت کی دعوت دی جاتی ہے، علامہ ناصر عباس جعفری کا کہنا تھا کہ حکومتی پالیسیز کے خلاف مشترکہ حکمت عملی مرتب کر نے کی فوری ضرورت ہے،جس میں تمام جماعتوں کی رائے کو ملحوض خاطر رکھا جائے، مجلس وحدت مسلمین سیاسی و انتحابی اصلاحات کے حوالے سے چند اہم نکات رکھتی ہےجو اتحادی جماعتوں کے سامنے رکھنے کو تیار ہیں ، علامہ ناصر عباس جعفری نے ڈاکٹر طاہر القادری کی دعوت قبول کرتے ہوئے کہا کہ انشاء اللہ کل کے مشاورتی اجلاس میں مجلس وحدت مسلمین کے مرکزی نمائندگان ضرور شرکت کریں گے۔