وحدت نیوز (کراچی) تحریک آزادی القدس کے تحت جمعۃ الوداع عالمی یوم القدس کے موقع پر مرکزی القدس ریلی نمائش چورنگی تا تبت سینٹر نکالی گئی۔ مرکزی آزادی القدس ریلی میں خواتین، بچوں اور بزرگوں سمیت ہزاروں افراد نے شرکت کی۔ شرکائے ریلی نے ہاتھوں میں پاکستانی، فلسطینی و آزادی القدس کے پرچم سمیت پلے کارڈز اور بینرز بھی اٹھا رکھے تھے، جن پر امریکا مردہ باد، اسرائیل نامنظور سمیت القدس کی آزادی تک جنگ رہے گی، اسرائیل کی نابودی تک جنگ رہے گی کے نعرے آویزاں تھے۔ مرکزی آزادی القدس ریلی میں بچوں کے خصوصی دستے تیار کئے گئے تھے، جنہوں نے سروں پر سرخ پٹیاں باندھ رکھی تھیں، جن پر یا قدس ہم آ رہے ہیں کے نعرے درج تھے۔ مرکزی القدس ریلی میں مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل مولانا احمد اقبال رضوی ،آئی ایس او پاکستان کے مرکزی صدر علی مہدی، جعفریہ الائنس پاکستان کے سربراہ علامہ عباس کمیلی، علامہ مرزا یوسف حسین، جماعت اسلامی کراچی کے نائب امیر مسلم پرویز، جمعیت علماء پاکستان کے رہنما علامہ قاضی احمد نورانی صدیقی، پاکستان مسلم لیگ نواز کے پیرزادہ ازہر علی ہمدانی، فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل صابر ابو مریم، میثم عابدی، مولانا صادق جعفری، مولانا نشان حیدر، مولانا حیدر عباس عابدی، علامہ علی انور جعفری، علامہ مبشر حسن، مولانا عقیل موسٰی، مولانا صادق تقوی سمیت دیگر شریک تھے۔
شرکائے ریلی سے خطاب کرتے ہوئے مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی ڈپٹی سیکریٹری جنرل علامہ احمد اقبال رضوی کا کہنا تھا کہ ایک طرف اسرائیل مظلوم فلسطینیوں کا قتل عام کر رہا ہے، تو دوسری جانب مسلم دنیا بالخصوص عرب دنیا کے حکمران اسرائیل جیسی خونخوار ریاست کے ساتھ اپنے تعلقات استوار کر کے فلسطینیوں کی تحریک آزادی کو نقصان پہنچا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان پر بھی عرب ممالک کا دباؤ ہے کہ اسرائیل کو تسلیم کر لیا جائے، لیکن پاکستان کے عوام ہرگز ایسا نہیں ہونے دیں گے۔
ریلی کے اختتام پر رہنماؤں نے مشترکہ قرار داد پیش کی، جس میں دنیا بھر کے مسلم حکمرانوں سے مطالبہ کیا کہ وہ مظلوم فلسطینی مسلمانوں پر اسرائیلی مظالم اور قبلہ اول بیت المقدس کی آزادی کیلئے مشترکہ افواج کا قیام عمل میں لائیں، بحریں، یمن، نائیجریا میں چلنے والی اسلامی تحریکوں کی بھرپور حمایت کا اعلان کیا گیا، مظلوم فلسطینی مسلمانوں سے حق میں اٹھنے والی تمام مزاحمتی تنظیموں حماس، حزب اللہ، جہاد اسلامی سمیت آزادی فلسطینی تنظیموں کی حمایت کا اعلان کیا گیا، خطے میں جاری آل خلیفہ، آل سعود سمیت ان تمام ممالک کی مذمت کی گئی، جو اسرائیل سے روابط قائم کرکے مظلوم فلسطینی مسلمانوں کے خون کا سودا کر رہے ہیں۔ ریلی کے اختتام پر امامیہ اسٹوڈنٹس آرکنائزیشن پاکستان کے مرکزی صدر علی مہدی نے ریلی میں شرکت پر علماء کرام سمیت اسلامی جمیعت طلبہ، پختون اسٹونٹس، انجمن طلبائے اسلام و دیگر طلبہ تنظیموں اور سیاسی و مذہبی کے رہنماؤں کا شکریہ ادا کیا۔