وحدت نیوز (اسلام آباد) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری امورسیاسیات ناصرشیرازی نے کہا کہ قومی ایئر لائن کا تنازعہ حکومتی بد انتظامی اور بے ہٹ دھرمی کے باعث سنگین صورتحال اختیار کرتا جا رہا ہے۔ حکومت مقابلے کی فضا پیدا کرنے اور انتقامی حربوں کو آزمانے کی بجائے افہام وتفہیم کی راہ اختیار کرے۔ احتجاج کا آئینی حق استعمال کرنے والے کے خلاف ایک جمہوری حکومت کے وزیر اعظم کی طرف سے دھمکی آمیز لب و لہجہ نہ صرف جمہوری اقدار کی توہین ہے بلکہ وزارت عظمی کے منصب کی عظمت کے بھی منافی ہے۔ماضی میں سانحہ ماڈل ٹاون میں بھی حکومت نے گولی لاٹھی کی زبان استعمال کر کے بے گناہ انسانی جانوں کو موت کی بھینٹ چڑھا دیا۔اب کراچی میں بھی وہ مشق دہرائی جا رہی ہے۔ جبر اور ناروا ہتھکنڈوں سے عوام کی آواز کو دبانا جمہوری طرز عمل نہیں بلکہ آمرانہ اقدام اور قابل مذمت ہے۔قومی ادارے ملک کی میشنری میں ایندھن کا کردار ادا کرتے ہیں۔ذاتی مفادات کی راہ ہموار کرنے کے لیے ملک وقو م کے اثاثوں کی سودا بازی کی اجازت کسی کو نہیں دی جا سکتی۔حکومت اپنے فیصلے رعونت کی بجائے بردباری اور دانشمندانہ انداز میں کرے تاکہ جمہوری عمل متاثر نہ ہو ۔