وحدت نیوز(اسلام آباد) منور حسن کی جانب سے امام حسین (ع)کی شان میں گستاخی کی مذمت کرتے ہیں، طالبان کی حمایت میں منور حسن اپنا دماغی توازن کھو چکے ہیں، جماعت اسلامی اپنے بانی مودودی صاحب کی روش سے ہٹ کر طالبان کی سیاسی جماعت بن گئی ہے۔ ن خیالات کا اظہار مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکریٹری اطلاعات سید مہدی شاہ نے جماعت اسلامی کے امیر منور حسن کی جانب سے ایک نجی چینل کو انٹرویو میں اما م حسین کی شان میں گستاخانہ کلمات ادا کرنے کے خلاف اپنے مذمتی بیان میں کیا۔ مہدی شاہ کا کہنا تھا کہ کربلا کی جنگ حق و باطل کا وہ معرکہ تھا کہ جس میں نواسہ رسول (ص) امام حسین (ع) نے یزید کے خلاف قیام کرکے اسلام کو ایک نئی زندگی عطا کی، منور حسن کی جانب سے کربلا کی جنگ کو دو اصحاب کی جنگ قرار دینا نواسہ رسول امام حسین (ع) کی توہین اور رسول اکرم (ص) کی تعلیمات سے غداری کے مترادف ہیں، جماعت اسلامی اس مناسبت سے اپنا مؤقف واضح کرے ،نواسہ رسول امام حسین(ع) اور ان کے اہل بیت (ع) کے قاتل اور کعبہ شریف اور مسجد نبوی کو تاراج کرنے والے یزید کوتمام مسلمان اسلام سے خارج اور دین کا باغی تصور کرتے ہیں، امت مسلمہ کسی بھی صورت یزید کو اصحاب رسول (ص) کی فہرست میں شامل کرنے کی منور حسن کی سازش کو کامیاب نہیں ہونے دیگی۔