نواز حکومت دہشت گردوں کے آگے سرنڈر ہو کر،قوم کو ذلت و رسوئی کی دلدل میں دھکیلنا چاہتی ہے،علامہ ناصرعباس جعفری

14 February 2014

وحدت نیوز(اسلام آباد) مجلس وحدت مسلمین نے پاکستان کے تمام مظلوموں کی آواز بن کر حکومت کی طالبان نواز پالیسیوں کے خلاف ملک گیر احتجاجی تحریک چلانے کا اعلان کر دیا ہے، یہ اعلان ایم ڈبلیوایم کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ ناصر عباس جعفری نے اسلام آباد میں نیوز کانفرنس کے دوران کیا۔ اس موقع پر ایم ڈبلیو ایم کے مرکزی سیکرٹری تبلیغات علامہ شیخ اعجاز حسین بہشتی، سیکرٹری روابط ملک اقرار حسین، وحدت یوتھ کے چیئرمین سید فضل عباس نقوی ایڈووکیٹ اور ایم ڈبلیو ایم پنجاب کے ترجمان علامہ اصغر عسکری بھی موجود تھے، علامہ ناصر عباس جعفری کا کہنا تھا کہ حکومت پنجاب دہشت گردوں کی سرپرست بن چکی ہے اور تکفیری ایجنڈے کے تحت ملت تشیع پر مظالم کے پہاڑ توڑے جا رہے ہیں، ان مذموم کارروائیوں میں وزیراعلٰی میاں شہباز شریف اور وزیر قانون رانا ثناءاللہ کو وفاقی حکومت کی مکمل سرپرستی حاصل ہے، ان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں گذشتہ چار سالوں سے مسلسل شیعہ نسل کشی کا سلسلہ جاری ہے لیکن کسی ایک بھی قاتل کو گرفتار نہیں کیا گیا، گریسی لین راولپنڈی و ڈھوک سیداں میں ہونیوالے دھماکوں کے ملزمان اور ڈھوک حسو میں ایم ڈبلیو ایم کے مشیر قانون کے بھائی کے قاتل آزاد پھر رہے ہیں، لاہور اور گجرات میں بےگناہ لوگ مارے گئے ان کے قاتل گرفتار نہیں ہوئے، اسی طرح چشتیاں، ملتان، بھکر، ڈی جی خان اور چکوال میں بےگناہ انسانوں کے خون سے ہولی کھیلنے والے درندوں کو قانون کی گرفت میں نہیں لیا گیا۔

 

علامہ ناصر عباس کا کہنا تھا کہ اس کے برعکس راولپنڈی میں ملت تشیع کے بےگناہ افراد کو بلاجواز گرفتار کیا گیا اور انہیں وحشیانہ تشدد کا نشانہ بنایا گیا، اس وقت بھی ہمارے پچھتر افراد پابند سلاسل ہیں اور ان کے ساتھ جیل میں انتہائی شرمناک سلوک کیا جا رہا ہے، علامہ ناصر عباس جعفری نے کہا کہ ہم نے صرف مظلومیت کی آواز بلند کی، جس کی پاداش میں ہمیں تشدد کا نشانہ بنایا جا رہا ہے، حکومت پنجاب بلوچستان کے رئیسانی کے نقش قدم پر چلتے ہوئے ہمارے زخموں پر نمک پاشی کر رہی ہے، حکومت اور ریاستی ادارے ساٹھ ہزار پاکستانیوں کے قاتلوں کو قانون کی گرفت میں لینے کی بجائے ان کے ناز اٹھا رہے ہیں۔ علامہ ناصر عباس جعفری نے انکشاف کیا کہ حال ہی میں انکے ذاتی ڈرائیور کو پولیس کی وردیوں میں ملبوس کچھ لوگ پکڑ کر لے گئے، ان پر رات بھر وحشیانہ تشدد کرتے رہے۔ ایم ڈبلیو ایم بھکر کے ضلعی سیکرٹری جنرل سفیر حسین شاہانی کو چار ساتھیوں سمیت سرگودھا عدالت سے واپسی پر جوہر آباد کے علاقے سے اغوا کیا گیا، سرگودھا میں ایم ڈبلیو ایم کے ضلعی دفتر پر چھاپہ مار کر کارکنوں اور مالک مکان کو بچوں سمیت اغوا کیا گیا۔

 

ایم ڈبلیو ایم کے سیکرٹری جنرل نے کہا کہ ہم تشدد کی سیاست پر یقین نہیں رکھتے، ہم پرامن قوم ہیں اور پرامن عوامی جدوجہد کے ذریعے مظلومیت کی طاقت سے تکفیریوں کے سرپرست حکمرانوں کا راستہ روکیں گے، انہوں نے کہا کہ سانحہ راولپنڈی کی آڑ میں گرفتار کئے گئے ہمارے تمام افراد انتہائی تعلیم یافتہ اور مہذب افراد ہیں، ان کا کسی جرم کے حوالے سے کوئی ریکارڈ نہیں، انہیں محض ظلم کے خلاف آواز بلند کرنیکی پاداش میں پابند سلاسل کیا گیا، ہم انہیں پرامن جدوجہد سے آزادی دلائیں گے۔ انشاءاللہ ہمارا کوئی بھی اسیر جیل میں نہیں رہے گا، انہوں نے کہا کہ سانحہ راولپنڈی کے دوران چھ مساجد و امام بارگاہیں آتشزدگی کا نشانہ بنیں، لیکن کسی بھی وفاقی یا صوبائی عہدیدار نے مساجد کا جائزہ لینے کی کوشش ہی نہیں کی، حکمران ہمیں مجبور کر رہے ہیں کہ ہم مظلومین کوئٹہ کی طرح پنجاب کے رئیسانیوں کے خلاف اٹھیں، انشاءاللہ ہماری پرامن جدوجہد صرف پاکستان تک محدود نہیں رہے گی، انگلینڈ، امریکہ، کنیڈا، یورپ، جہاں بھی پاکستانی آباد ہیں وہاں احتجاج ہوگا۔

 

علامہ ناصر عباس جعفری نے طالبان کے ساتھ حکومتی مذاکرات کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یہ مذاکرات دہشت گردوں اور قاتلوں کو ٹائم دینے کی ایک سنگین سازش ہے، دہشت گردوں کے مطالبات سامنے آچکے ہیں، انہوں نے کہا کہ کتنے افسوس کی بات ہے کہ آج معصوم انسانوں کے قاتل شریعت کے نفاذ کی بات کرتے ہیں۔ علامہ ناصر عباس جعفری نے کہا کہ اسلام رحمت للعالمین (ص) کا مذہب ہے، جنہوں نے اخلاق کے ذریعے لوگوں کے دل جیتے، سفاک قاتلوں اور درندوں کی زبان پر شریعت کا مطالبہ زیب نہیں دیتا، طالبان کی شریعت فتنہ ہے، فساد ہے، جسے قبول نہیں کیا جاسکتا، دہشت گردوں کی زبان پر شریعت کا مطالبہ شریعت کی توہین ہے۔ مذاکرات ان لوگوں سے کئے جاتے ہیں جن کا دل پاکستان کے ساتھ دھڑکتا ہو، انہوں نے مزید کہا کہ ہم انشاءاللہ سنی اتحاد کونسل اور دیگر جماعتوں کے ساتھ مل کر مادر وطن کو آئینی اور جمہوری جدوجہد کے ذریعے ان ظالموں کے چنگل سے آزاد کرائیں گے۔



اپنی رائے دیں



مجلس وحدت مسلمین پاکستان

مجلس وحدت مسلمین پاکستان ایک سیاسی و مذہبی جماعت ہے جسکا اولین مقصد دین کا احیاء اور مملکت خدادادِ پاکستان کی سالمیت اور استحکام کے لیے عملی کوشش کرنا ہے، اسلامی حکومت کے قیام کے لیے عملی جدوجہد، مختلف ادیان، مذاہب و مسالک کے مابین روابط اور ہم آہنگی کا فروغ، تعلیمات ِقرآن اور محمد وآل محمدعلیہم السلام کی روشنی میں امام حسین علیہ السلام کے ذکر و افکارکا فروغ اوراس کاتحفظ اورامر با لمعروف اور نہی عن المنکرکا احیاء ہمارا نصب العین ہے 


MWM Pakistan Flag

We use cookies to improve our website. Cookies used for the essential operation of this site have already been set. For more information visit our Cookie policy. I accept cookies from this site. Agree