وحدت نیوز (اسلام آباد) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے سربراہ علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے بھوک ہڑتالی کیمپ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملک میں بڑھتی ہوئی لاقانونیت اور ٹارگٹ کلنگ کے واقعات نے امن و امان کی صورتحال کو مفلوج کر رکھا ہے۔وفاقی و صوبائی حکومتیں یوم علی علیہ السلام کے موقعہ پر ملک بھر میں ہونی والی مجالس اور جلوسوں کو فول پروف سیکورٹی مہیا کرے۔کسی بھی ممکنہ ناخوشگوار واقعہ کی ذمہ دار متعلقہ حکومت اور انتظامیہ پر ہو گی۔تمام جلوسوں کے روٹس کی بھرپور نگرانی کی جائے۔داخلی راستوں پر واک تھرو گیٹ نصب کیے جائیں اور جلوس پر جانے والے مومنین کے لیے سیکورٹی کے نام پر مشکلات یا رکاوٹیں نہ پیدا کی جائیں ۔
انہوں نے کہا کہ حکومتی نااہلی اور دہشت گردوں کی کاروائیوں نے اس مادر وطن کو جہنم بنا کر رکھ دیا ہے۔ حتی الوسع ہماری کوشش رہی ہے کہ حکومت ہمارے پُرامن احتجاج اور مطالبات کو تسلیم کریں لیکں گزشتہ 42 دن سے لگے ہوئے اس احتجاجی کیمپ کی طرف حکومت کی کسی مقتدر شخصیت کا رُخ نہ کرنا اس امر کی دلیل ہے کہ اس ملک میں صرف دہشت گردوں کے مطالبات تسلیم کیا جاتے ہیں ۔حکومت کو مذاکرات کی میز پر لانے کے لیے اس ملک میں قانون شکن ہونا لازم قرار دے دیا گیا ہے۔مجلس وحدت مسلمین اس ملک کی پُر امن اور محب وطن جماعت ہے ۔ہم متشدد اورمنافقانہ سیاست کو گناہ سمجھتے ہیں۔عید کے بعد ہم نے اس احتجاج کو دھرنوں کی شکل دینی ہے۔ملک کی تمام اہم شاہراوں پر بھرپور افرادی قوت کے ساتھ دھرنے دیے جائیں گے۔حکومت کی مسلسل بے حسی کے جواب میں ہمارے پاس سوائے دھرنوں کے اور کوئی آپشن موجود نہیں ۔دھرنوں کے بعد لانگ مارچ کی تاریخ کا اعلان کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا امجد صابری کا قتل اس فکر کو آشکار کرتا جو اس ملک کی موجودہ بدترین صورت حال کی ذمہ دار ہے۔دنیا بھر میں پاکستان کو شناخت دینے والے شخص کو حُب رسول ﷺ و آل رسول ﷺ کی سزا موت کی شکل میں دی گئی۔اسی طرح چیف جسٹس کے بیٹے کااغوار اور کسی بھی پیش رفت میں تاحال ناکامی تحقیقاتی اداروں کی شرمناک کارکردگی کو ظاہر کر رہے ہیں۔ ایک سوال کے جواب میں علامہ ناصر نے کہا کہ ہماراکسی بھی ایسی جماعت سے اتحاد نہیں جو وطن عزیز میں عدم استحکام پیدا کرنا چاہتی ہو۔ہماری کسی بھی حکومت سے کوئی مخالفت نہیں۔ ہم پر یہاں پر حکومت گرانے یا کردار کشی کے لیے نہیں بیٹھے ہوئے بلکہ اپنے جائز مطالبات اور قوم و ملک کی سلامتی کے لیے بھوک ہڑتال پر ہیں۔ جو شر پسند ہمارے اس احتجاج کو کسی ایجنڈے کا حصہ قرار دیتے ہیں وہ اس بات کو اپنے دماغ میں بٹھا لیں کہ اگر ہمارے مطالبات پر آج ہی تسلیم کر لیے جاتے تو ہم اپنا احتجاج آج ہی ختم کرنے پر تیار ہو جائیں گے۔انہوں نے کہا ہے کہ ملک کی دیگر سیاسی جماعتوں کا دباو نتیجہ خیز دکھائی دے رہا اور عید کے بعد نون لیگ کی حکومت زیادہ دور تک چلتی ہوئی نظر نہیں آتی۔