وحدت نیوز (کویت) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ ناصر عباس جعفری نے کہا ہے کہ گلگت بلتستان انتخابات کیلئے ایک مضبوط شیعہ، سنی الائنس بنائیں گے، ہم چوروں لیٹروں کی بجائے عوام کی خدمت، ترقی و خوشخالی کا جذبہ رکھنے والے نوجوانوں کو ٹکٹ دیں گے، حکمران دھاندلی کا خواب دیکھنا چھوڑ دیں تو بہتر، ورنہ عوام کی طاقت کا سامنا نہیں کرسکیں گے، خطے میں امن اور ترقی کیلئے پاکستان میں دہشت گردی کا خاتمہ ناگزیز ہوچکا ہے، استحکام پاکستان کیلئے تمام اداروں اور سیاسی جماعتوں کے ساتھ مذہبی جماعتوں کو بھی اپنی ذمہ داری پوری کرنی ہوگی۔ وہ دورہ کویت کے دوران ''استحکام پاکستان اور ہماری ذمہ داریاں'' کے موضوع سے منعقدہ سیمینار سے خطاب کر رہے تھے۔ اس موقع پر مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے امور خارجہ کے سیکرٹری جنرل علامہ ڈاکٹر شفقت شیرازی، منہاج القرآن انٹرنیشنل، شہید عارف الحسینی فاونڈیشن کے اراکین، کویت میں پاکستانی کمیونٹی سے متعدد سیاسی اور سماجی شخصیات نے شرکت کی۔
بعدازاں منہاج القرآن انٹرنیشنل کی طرف سے علامہ ناصر عباس جعفری کے اعزاز میں ظہرانہ بھی دیا گیا، سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے ایم ڈبلیو ایم پاکستان کے سربراہ علامہ ناصر عباس جعفری نے کہا کہ عوامی تحریک اور مجلس وحدت مسلمین کے درمیان شاندار رفاقت ہے، جسکا مقصد ملک سے ظلم، ناانصافی، کرپشن کا خاتمہ اور ملک میں ایسی انتخابی اصلاحات لانا ہے، جن کے ذریعے ملک میں مکمل طور پر شفاف انتخابات کو یقینی بنایا جاسکے، کیونکہ شفاف انتخابات کے بغیر اقتدار عوام کو منتقل کرنا ممکن نہیں ہوسکتا۔ انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان میں ہونیوالے عام انتخابات ہمارے لئے انتہائی اہم ہیں اور ہم نے اس میں بھرپور حصہ لینے کا فیصلہ کر لیا ہے، جس کے لئے ہم شیعہ سنی اتحاد بنا رہے ہیں، جو یقیناً تمام مخالفین کو شکست دیگا اور اس اتحاد میں ہم عوامی خدمت کا جذبہ رکھنے والوں کو ہی ٹکٹ دیں گے، تاکہ وہ اسمبلی میں اپنے ذاتی فوائد کی بجائے صوبے اور عوام کی ترقی و خوشخالی کیلئے بات کریں۔