وحدت نیوز (اسلام آباد) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی ڈپٹی جنرل سیکریٹری علامہ امین شہیدی نے اس انکشاف پر شدید رد عمل کا اظہار کیا ہے کہ وطن عزیز میں کچھ غیر ملکی این جی اوز مغربی ممالک کی بھرپور معاونت سے ہم جنس پرستی کی ترویج کے لیے کام کر رہی ہیں۔انہوں نے کہا یہ طرز عمل نہ صرف اسلامی روایات کے منافی ہے بلکہ اخلاقی و معاشرتی اقدار کے بھی برعکس ہے۔اسلام دشمن طاقتیں اپنی پوری قوت کے ساتھ مسلمانوں کے ایمان پرکاری ضرب لگانا چاہتی ہیں اسلامی تعلیمات کی کھلے عام تضحیک کرنے اور اہل اسلام کو گمراہ کرنے والے ان عناصرکو نشان عبرت بنایا جانا چاہیے۔ہمارا ملک اسلام کے نام پر معرض وجود میں آیا ۔یہاں ایسی کسی بھی غیر اسلامی حرکت کی قطعاََ اجازت نہیں جس کی دین محمدی ﷺمیں صریحاََممانعت ہے۔ ملک کی تمام مذہبی و سیاسی جماعتوں کواسلام کی صورت مسخ کرنے والے ان غیر شرعی اقدام کے خلاف کھل کر آواز بلند کرنے کی ضرورت ہے ۔ اس معاملے میں خاموشی اسلامی تعلیمات کے دشمنوں کے حوصلوں کو تقویت دینے کا باعث بنے گی۔این جی اوز کے توسط سے جو کلچر امپورٹ کرنے کی کوشش کی جارہی ہے وہ اس معاشرے کو کھوکھلا کرنے کے ساتھ ساتھ مادر پدر آزاد بنا دے گا۔جو کہ معاشرتی تنزلی کی جانب سفر کا آغاز ہے۔انہوں نے ریاستی اداروں اور حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ اس سلسلے میں ہوش کے ناخن لے اور ایسی تمام این جی اوز کے خلاف سخت اقدامات کیے جائیں جومغربی ممالک کی ایما پر ہمارے معاشرے کو جنس زدہ کرنے کے لیے ایڑھی چوٹی کا زور لگا رہی ہیں۔