وحدت نیوز (گلگت) گلگت بلتستان کی پسماندگی کے اصل ذمہ دار مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی ہے جنہوں نے صرف جھوٹے وعدوں کے علاوہ علاقے کے عوام کے بنیادی مسائل کی طرف کوئی توجہ دی ہی نہیں۔پیپلز پارٹی کا پانچ سالہ دور حکومت کرپشن کی نذر ہوگیا اور سرعام ملازمتیں فروخت کرکے میرٹ کی دھجیاں اڑائی گئیں۔وفاق میں برسر اقتدار نواز لیگ کے دو سال پورے ہونے کو ہے اور الیکشن سے قبل جناب وزیر اعظم کو گلگت بلتستان کے عوام کا خیال آیا اور الیکشن کو ہائی جیک کرنے کیلئے گلگت کا طوفانی دورہ کرکے پرانے منصوبوں پر اپنے نام کی تختیاں لگا گئے۔ان خیالات کا اظہار مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل علامہ محمد امین شہیدی نے علمدار روڈ دینور میں بڑے عوامی جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کیا، جبکہ دیگر مقررین میں ایم ڈبلیوایم کے مرکزی رہنما علامہ اعجاز بہشتی ، صوبائی رہنما علامہ نیئر عباس ، ڈویژنل رہنما علامہ بلال ثمائری اور دیگر شامل تھے۔
علامہ امین شہیدی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں باریاں لینے والی پاکستان پیپلز پارٹی اور نواز لیگ نے کرپشن اور اقربا پروری کی بد ترین مثالیں قائم کی ہیں۔وزیر اعظم نواز شریف نے اپنے داماد اور دوست کو نوازنے کیلئے گلگت بلتستان کے عوام کے حقوق پر ڈاکہ ڈال کر اقتصادی راہداری زون کو حویلیاں اور ڈی آئی خان میں بنانے پلان تیار کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ حقوق کے حصول کیلئے بیداری ضروری ہے اور مجلس وحدت مسلمین عوامی بیداری کے فریضے پرگامزن ہے اور پاکستان بھر میں مظلوموں کو ایک پلیٹ فارم پر متحد کرکے ظالموں و جابر حکمرانوں کے سامنے کھڑی ہے ۔مجلس وحدت مسلمین کی اس جرات اور استقامت سے حاکم طبقہ گھبرایا ہوا ہے اور اس بوکھلاہٹ کے نتیجے میں لیگی حکومت اوچھے ہتھکنڈوں پر اتر آئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان میں وحدت مسلمین کے رہنماؤں نے یمن کے مظلوم عوام کی حمایت اور سعودی جارحیت کی مذمت میں ریلی نکال کر وہی مطالبہ کیا تھا جو آج ملک کی پارلیمنٹ نے قرارداد کی شکل میں پاس کیا لیکن گلگت بلتستان کی متعصب نگران حکومت نے مظلوموں کیلئے آواز بلند کرنے وحدت کے رہنماؤں کے خلاف بے بنیاد مقدمات قائم کرکے سیاسی انتقام کا نشانہ بنایا ہے۔