وحدت نیوز (کراچی) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی ڈپٹی سیکریٹری جنرل علامہ احمد اقبال رضوی نےامامیہ آرگنائزیشن شہید حسینی یونٹ کے تحت مسجد خیر العمل انچولی سوسائٹی کراچی میں شہید آیت اللہ باقر نمر کی پہلی برسی کی مناسبت سے منعقدہ مجلس ترحیم و تعزیتی اجتماع سے خطاب کے دوران کہا ہے کہ آیت اللہ باقر نمر نے باطل نظام اور شیطانی قوتوں کی آنکھوں میں آنکھیں ڈال کر بات کی اور ظلم کے خلاف علم جہاد بلند کیا، سعودی حکمرانوں نے انہیں شہید کرکے ظلم و بربریت کی اعلیٰ روایت قائم کی، لیکن شہید نے پوری دنیا کو بیدار کیا اور آج الحمداللہ دنیا میں اسلامی تحریکیں کامیابی سے ہمکنار ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ شام، عراق، بحرین، یمن اور دیگر ممالک میں مسلمان کامیاب ہورہے ہیں۔ اس موقع پر مولانا شیخ محمد حسن، شمس الحسن رضوی، منور عباس زیدی، راشد احد اور دیگر نے بھی خطاب کیا اور شہداء کے فکر و فلسفے پر روشنی ڈالی۔ بعد ازاں شیخ باقر نمر کیلئے دعائے مغفرت و فاتحہ خوانی کی گئی۔