وحدت نیوز (لاہور) مجلس وحدت مسلمین کے وفد کی ایرانی قونصل جنرل محمد حسین نبی سے ملاقات، سابق ایرانی صدر علی ہاشمی رفسنجانی کی وفات پر اظہار تعزیت کیا۔ مجلس وحدت مسلمین کی مرکزی قیادت نے لاہور کے ایرانی قونصلیٹ میں قونصل جنرل محمد حسین نبی سے ملاقات میں سابق ایرانی صدر علی ہاشمی رفسنجانی کی وفات پر اظہار تعزیت کیا۔ وفد میں مرکزی سیکرٹری سیاسیات سید اسد عباس نقوی، لاہور کے سیکرٹری جنرل علامہ سید حسن رضا ہمدانی، مرکزی رہنما علامہ ابوذر مہدوی، علامہ سید امتیاز کاظمی، علامہ سید نیاز بخاری، رائے ناصر علی، رانا ماجد علی، سید نوید الحسن، مجاہد حسین اور دیگر شامل تھے۔ اس موقع پر مرکزی سیکرٹری سیاسیات اسد عباس نقوی کا کہنا تھا کہ علی ہاشمی رفسنجانی کی وفات پر پوری امت مسلمہ افسردہ ہے اور ساری ایرانی اور پاکستانی قوم ان کے خلاء کو محسوس کرتی ہے۔ انہوں نے کہاکہ ہاشمی رفسنجانی کی پاکستان اور ایران کیساتھ تعلق بنانے کی کاوشیں کبھی فراموش نہیں کی جا سکتیں۔ انہوں نے کہا کہ پاک ایران دوستی لازوال ہے جو رہتی دنیا تک قائم و دائم رہے گی، اس کو دشمنوں کی سازشیں کم یا ختم نہیں کر سکتیں۔