وحدت نیوز (کراچی) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی ڈپٹی سیکریٹری جنرل علامہ سید حسن ظفر نقوی نے کہا کہ اسلام میں انسانیت کی فلاح اور احترام کا درس موجود ہے، یہی وجہ ہے کہ دین اسلام میں کسی بے گناہ انسان کے قتل کو پوری انسانیت کا قتل قرار دیا گیا ہے۔ امام بارگاہ سامرہ نیو رضویہ سوسائٹی اسکیم نمبر 33 میں منعقدہ عشرہ محرم کی مجلس سے خطاب کے دوران انہوں نے کہا کہ ضرورت اس بات کی ہے کہ رواداری، محبت اور انسانیت کی حرمت کے پیغام کو عام کیا جائے تاکہ دنیا کو امن کا گہورا بنانے میں مدد مل سکے۔ انہوں نے مزید کہا کہ آج مسلمان سامراج کے شکنجے میں پھنسے ہوئے ہیں اور ہر طرف قتل و خون کا بازار گرم ہے لہٰذا ہمیں ہوش اور عقلمندی سے کام لینا ہوگا، ملک دشمنوں کے عزائم کو ناکام بناتے ہوئے وحدت اور یکجہتی کا مظاہرہ کیا جائے،یہی کربلاء والوں کا حقیقی پیغام ہے کہ انسانی حرمت باقی رہے۔