وحدت نیوز(جیکب آباد) شہری اتحاد کے زیراہتمام شہر کو صاف پانی اور صحت و صفائی جیسی بنیادی سہولیات کی فراہمی کے لئے مختلف سیاسی سماجی تنظیموں کا مشترکہ احتجاجی مظاہرہ ہوا۔ مظاہرے کی قیادت صدر شہری اتحاد محمد اکرم ابڑو، ڈاکٹر اے جی انصاری، مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی ترجمان علامہ مقصود علی ڈومکی ،صدر چیمبر آف کامرس احمد علی بروہی، ندیم قریشی و دیگر رہنماوں نے کی۔
اس موقع پر مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی ترجمان علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا ہے کہ پانی سے ہی زندگی اور حیات وابستہ ہے جیکب آباد کے عوام پانی جیسے بنیادی انسانی حق سے بھی محروم ہیں۔ آج بھی گدھا گاڑی کے ذریعے پانی خریدا جاتا ہے جبکہ صاف پانی نہ ہونے کی وجہ سے مختلف بیماریاں پیدا ہوتی ہیں۔انہوں نےکہا کہ صحت کے اداروں کی حالت بھی تشویشناک ہے سرکاری ہسپتال میں مریضوں کو نہ دوائی ملتی اور نہ موثر علاج۔