وحدت نیوز(اسلام آباد) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے ناروے میں قران پاک کو جلانے کی ناپاک جسارت پر غم وغصے کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسلام دشمن شر پسند قوتیں آفاقی مذہب اسلام کی حقانیت سے خائف ہو کر ناقابل برداشت اور اوچھے ہتھکنڈوں پر اتر آئی ہیں۔ سیان نامی اسلام دشمن تنظیم کے سرکردہ رکن لارس کے متعصبانہ فعل پر مسلم نوجوان کا ردعمل حالات کے عین متقاضی اور جراتمندانہ اقدام تھا۔یہود ونصاری کو اس حقیقت کا درک کرنا چاہیے کہ اسلام کے بارے میں پورے عالم اسلام کے جذبات ایسے ہی ہیں۔یورپ سمیت پوری دنیا میں تیزی سے پھیلتا ہوا دین اسلام دشمن قوتوں کے لیے آنکھ کا کانٹا بنا ہوا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایسی متعصب تنظیمیں جن کا مقصد بین المذاہب ہم آہنگی کا خاتمہ کر کے اشتعال انگیزی کو فروغ دینا ہے ان پر پابندی عائد ہونی چاہیئے ۔ مذہبی تعصب شدت پسندی کے رجحانات کو تقویت دیتا ہے جس سے عالمی امن کو شدید خطرات لاحق ہیں۔انہوں نے کہا کہ قران پاک کی توہین نے پوری امت مسلمہ کے مذہبی جذبات کو مجروح کیا ہے ۔اس سنگین معاملے پر پاکستان سمیت پورے عالم اسلام کو ناروے کی حکومت سے سفارتی سطح پر بھی احتجاج کرناچاہیئے۔ انہوں نے کہا عالم اسلام کی طرف سے عوامی سطح پر بھی اس مذموم فعل کے خلاف پُرامن احتجاج کر کے دشمنان اسلام کو یہ باور کرانا ہو گا کہ اسلام دشمن اقدامات کے خلاف پوری امت مسلمہ متحد ہے۔