توہین قرآن ، ملی یکجہتی کونسل کا اعلیٰ سطحی اجلاس، ایم ڈبلیوایم رہنما ناصرشیرازی کی خصوصی شرکت

27 November 2019

وحدت نیوز(اسلام آباد) ناروے میں قرآن کریم جلانے کا واقعہ گستاخی، نفرت اور تعصب کا قبیح فعل ہے۔یہ عالمی سطح پر ایک سوچی سمجھی سازش کا حصہ ہے۔پوری دنیا کے مسلمان اس واقعے پر افسردہ اور صدمے میں ہیں اور نوجوان محبت اسلام میں اشتعال کے جذبات رکھتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار ملی یکجہتی کونسل کے سیکریٹری جنرل لیاقت بلوچ نے اسلام آباد میں ایک ہنگامی پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

اس موقع پرمجلس وحدت مسلمین کے ڈپٹی سیکریٹری جنرل ناصر عباس شیرازی ، اسلامی تحریک کے سیکریٹری جنرل علامہ عارف حسین واحدی، تنظیم اسلامی کے راہنما ریاض حسین، البصیرہ کے سربراہ ثاقب اکبر، تحریک جوانان پاکستان کے راہنما مفتی عمران سندھو، جمعیت علمائے اسلام کے راہنما محمد حبیب احمد نظیری، علامہ فرحت حسین، کونسل کے میڈیا کوارڈینیٹرایس اے شمسی، حافظ شاہد، سید اسد عباس اور دیگر راہنما بھی موجود تھے۔

 انھوں نے کہا کہ ناروے ایسا ملک ہے جو مثالی جمہوری اور بین المذاہب پر کام کرنے والا یورپی ملک ہے لیکن اس واقعہ نے ناروے کو داغدار کر دیا ہے۔ یورپ اور امریکا میں آزادی اظہار کے نام پر دل آزاری مذہبی تعصبات، اشتعال انگیزی اور فساد پیدا کیا جارہا ہے۔مذہب کی توہین اور مقدس ہستیوں کے عزت اور مقام کو مجروح کرنا اقوام متحدہ کے چارٹر، بنیادی اظہار رائے کے حق کا غلط استعمال ہے۔ ہم اس کی شدید مذمت کرتے ہیں دنیا سن لے اہل ایمان قرآن کریم، حضرت محمد مصطفی صلی اللہ علیہ والہ وسلم، عصمت انبیا اور شعائر اسلام پر کوئی سمجھوتہ نہیں کریں گے۔

لیاقت بلوچ نے کہا کہ دنیا مسلمانوں کے جذبات سے کھیلنا بند کرے اور دنیا کو امن کا گہواراہ بنایا جائے۔ وزیر اعظم عمران خان صاحب نے او آئی سی سربراہی کانفرنس، اقوام متحدہ جنرل اسمبلی میں بہت اچھے خطاب کیے لیکن اس کا کوئی فالو اپ نہیں، کوئی اقدام نہیں اور اپنی ہر اچھی تقریر کے بعد بھی یو ٹرن پالیسی جاری ہے۔ انھوں نے کہا کہ مذاہب کے درمیان احترام کے تعلق اور انسانی معاشروں میں امن اور یکجہتی کا تقاضا ہے کہ بلا تاخیر عالمی سطح پر قانون سازی کے لیے مہم اور دباؤ بڑھایا جائے۔ قرآن کریم،ناموس مصطفیؐ،شعائر اسلام کے تحفظ کے لیے عالمی سطح پر مہم جہاں مسلمانوں کے مذہبی حق کو تحفظ دے گی وہیں عالم اسلام کے اتحاد اور امت کی یکجہتی کا راستہ بھی ہموار کرے گی۔

ملی یکجہتی کونسل مقبوضہ کشمیر میں ایک سو چودہ دن سے جاری کرفیو لاک ڈاؤن اور مودی مظالم کی شدید مذمت کرتے ہیں۔ قومی کشمیر پالیسی، قومی قیادت کا متحد ہونا اور سفارتی محاذ پر واضح دو ٹوک موقف کا روڈ میپ دینا مسئلہ کشمیر کا حل ہے۔ حکومت کے لیے جہاد فی سبیل اللہ سے فرار ذلت و رسوائی کا باعث بنے گا۔لیاقت بلوچ نے کہا کہ پاکستان میں جو بحران مسلسل بڑھ رہے ہیں قومی وحدت پارہ پارہ ہے اس کا واحد علاج ریاست مدینہ کے نظام کے نفاذ میں ہے، حکومت اس سے انحراف نہ کرے ملی یکجہتی کونسل اپیل کرتی ہے کہ جمعہ کے روز عظمت قرآن، تحفظ قرآن کے موضوع پر خطیب حضرات جمعہ کے خطاب کا موضوع بنائیں اور تمام ضلعی ہیڈ کوارٹرز پر قرآن کریم اٹھا کر پر امن مظاہرہ کیا جائے۔

ملی یکجہتی کونسل نے نوجوانوں سے اپیل کی کہ جدید ذرائع ابلاغ، سوشل میڈیا کو عظمت مصطفی ؐ و قرآن کو عام کرنے کا ذریعہ بنائیں۔ ملی یکجہتی کونسل کی جانب سے تحفظ قرآن اور عظمت قرآن پر ایک یاداشت ناروے کے سفارتخانہ اور یورپی یونین کے سفیر کے بھجوائی جارہی ہے۔پریس کانفرنس میں شریک قائدین کا کہنا تھا کہ مغرب کا توہین اسلام کے حوالے سے رویہ تضاد پر مبنی اور منافقانہ ہے۔ ایک جانب مغرب کے بہت سے ممالک میں ہولوکاسٹ پر تحقیق اور بات کرنا بھی جرم ہے جبکہ اس کے برعکس مسلمانوں کے مقدسات کی توہین کو نہ فقط تحفظ فراہم کیا جاتا ہے بلکہ ایسا کرنے والوں کو مغربی ممالک میں پناہ دے کر اسلام کے خلاف پراپیگنڈہ بھی کیا جاتا ہے۔ مغرب کو اس روش کو ترک کرنا ہوگا۔



اپنی رائے دیں



مجلس وحدت مسلمین پاکستان

مجلس وحدت مسلمین پاکستان ایک سیاسی و مذہبی جماعت ہے جسکا اولین مقصد دین کا احیاء اور مملکت خدادادِ پاکستان کی سالمیت اور استحکام کے لیے عملی کوشش کرنا ہے، اسلامی حکومت کے قیام کے لیے عملی جدوجہد، مختلف ادیان، مذاہب و مسالک کے مابین روابط اور ہم آہنگی کا فروغ، تعلیمات ِقرآن اور محمد وآل محمدعلیہم السلام کی روشنی میں امام حسین علیہ السلام کے ذکر و افکارکا فروغ اوراس کاتحفظ اورامر با لمعروف اور نہی عن المنکرکا احیاء ہمارا نصب العین ہے 


MWM Pakistan Flag

We use cookies to improve our website. Cookies used for the essential operation of this site have already been set. For more information visit our Cookie policy. I accept cookies from this site. Agree