وحدت نیوز(جیکب آباد) سندھ کے ثقافتی دن کی مناسبت ڈسٹرکٹ پریس کلب جیکب آباد میں سٹی فورم کے زیراہتمام ثقافتی تقریب منعقد ہوئی۔ تقریب میں مختلف سیاسی سماجی اور مذہبی تنظیموں کے رہنما شریک ہوئے۔اس موقع پر ثقافتی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی ترجمان علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا کہ سندھ کی تاریخ صدیوں پر محیط ہے جس کا قدیم شہر موئن جو دڑو چار ھزار سال پہلے سندھ کے عوام کی تہذیب و ثقافت کو بیان کرتا ہے۔
انہوں نے کہاکہ سندہ کے ثقافتی دن کے موقع پر ھم سندھ دھرتی اور اس کی عوام سے اپنی محبت کا اظہار کرتے ہیں۔ سندھ کی ثقافت حیاء اور غیرت پر مبنی ہے لہذا ثقافتی تہوار کے نام پر خواتین کا سڑکوں پر ناچنا سندھ کی ثقافت نہیں لہذا عورتوں کو پگڑیاں پہنانے والے غلط راستے پر چل رہے ہیں کہیں یہ مرد خود دوپٹہ نہ پہن لیں۔ سندھ کی ثقافت اسلامی اقدار کی عکاس ہونی چاہئے۔
انہوں نےکہا کہ سندھ کے عوام کو تعلیم پر توجہ دینی ہوگی اور جہالت کے خلاف اعلان جنگ کرنا ہوگا۔ جبکہ سندھ سے قبائلی جھگڑوں اور کاروکاری کے نام پر معصوم انسانوں کے قتل عام کو روکنا ہوگا۔انہوں نےکہا کہ سندھ اولیاء کی دھرتی ہے جنہوں نے مذہبی رواداری کا پیغام دیا مگر کچھ سماج دشمن عناصر یہاں بم دھماکے کرکے نفرتوں پیغام دیتے ہیں۔