وحدت نیوز (ملتان) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل علامہ سید احمد اقبال رضوی نے کہا ہے کہ انقلاب اسلامی آج پہلے سے زیادہ طاقتور ہے، جتنی جتنی مشکلات انقلاب کے راستے میں آئیں گی، یہ انقلاب اُتنا ہی مضبوط اور قوی ہوگا، امریکہ، اسرائیل اور اُس کے حواری انقلاب اسلامی کی طاقت سے خوفزدہ ہیں۔
ان خیالات کا اظہار اُنہوں نے ڈویژنل ممبر امن کمیٹی سید علی رضا گردیزی کی والدہ کے انتقال پر اُن سے تعزیتی ملاقات کے موقع پر کیا۔ اس موقع پر مجلس وحدت مسلمین جنوبی پنجاب کے سیکرٹری جنرل علامہ اقتدار حسین نقوی، صوبائی رہنما علامہ قاضی نادر حسین علوی، انجینئر مہر سخاوت علی سیال اور صوبائی ترجمان ثقلین نقوی بھی موجود تھے۔
اس موقع پر ایم ڈبلیو ایم کے وفد نے مرحومہ کے ایصال ثواب کے لیے فاتحہ خوانی کی اور مرحومہ کے درجات کی بلندی کے لیے دعا بھی کرائی۔ اس موقع موجودہ ملکی حالات اور مشرق وسطیٰ کے حوالے سے بھی گفتگو کی گئی۔ علامہ سید احمد اقبال رضوی نے کہا کہ موجود حکومت نے جو عوام کو سبز باغ دکھائے تھے، بدقسمتی سے وہ اسے پورا کرنے میں یکسر ناکام ہوچکی ہے، مہنگائی روز بروز بڑھ رہی ہے، اشیائے خورد و نوش کا بحران پیدا کیا جا رہا ہے، لیکن حکومت عملی اقدامات کی بجائے طفل تسلیوں سے آگے نہیں بڑھ رہی۔