وحدت نیوز(اسلام آباد) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ راجہ ناصرعباس جعفری نے مشقی پرواز کے دوران پاک فضائیہ کے ایف سولہ طیارے کے حادثے اور ونگ کمانڈر نعمان اکرم کی شہادت پر گہرے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے اسے پوری قوم کے لیے المناک سانحہ قراردیا۔
انہوں نے کہا کہ وہ غمزدہ خاندان اور پاک فضائیہ کے دُکھ میں برابر کے شریک ہیں۔ قومی سلامتی کے لیے پاک فضائیہ کا جرات مندانہ کردار اور قربانیاں ہماری تاریخ کا سنہری باب ہے جنہیں ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔انہوں نے شہید ہواباز کی بلندی درجات اور اہل خانہ کے لیے صبر کی دعا کی ہے۔
واضح رہے کہ یوم پاکستان کی فضائی مشقوں میں مصروف پاک فضائیہ کا جنگی ایف 16طیارہ آج شکرپڑیاں پریڈ گراؤنڈ اسلام آباد کے نزدیک گر کر تباہ ہوگیا جس میں ونگ کمانڈرنعمان اکرام شہید ہوگئے تھے۔
اس افسوس ناک واقعے میں جام شہادت نوش کرنے والے ونگ کمانڈر نعمان اکرم 2019میں شیر افگن ٹرافی جیت چکے تھےجوکہ پاک فضائیہ میں ایک بہت بڑا اعزازمانا جاتا ہے۔ذرائع کے مطابق ونگ کمانڈرنعمان اکرم ایک قابل تجربہ کار اور دلیر فائٹر پائلٹ تھے ۔